امت شاہ کرن نگرگئے | مہلوک ایس ایچ او کے اہل خانہ سے اظہار ہمدردی

سرینگر// مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ جمعرات کی صبح مہلوک ایس ایچ او ارشد خان کی کرن نگر رہائش گاہ پر پہنچے اور وہاں پسماندگان کے ساتھ تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا۔ انسپکٹر ارشد خان، 12 جون کو اننت ناگ میں کے پی روڑ پر جنگجوؤں کے حملے میں شدید زخمی ہوئے تھے اور بعد ازاں ایمز دہلی میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ بیٹھے تھے۔ اس حملے میں سی آر پی ایف کے چھ اہلکار اور ایک جنگجو ہلاک ہوئے تھے۔ مرکزی وزیر داخلہ سخت ترین حفاظتی بندوبست کے بیچ بال گارڈن کرن نگر میں واقع مہلوک ایس ایچ او کی رہائش گاہ پر پہنچے۔ پورے علاقے کو محاصرے میں لیا گیا تھا۔ وزیر داخلہ نے ایک ٹویٹ میں کہا’ایس ایچ او اننت ناگ ارشد خان کے پسماندگان کے ساتھ اظہار تعزیت و ہمدردی کی، ملک کی حفاظت کے لئے ان کی شہادت سے کئی جانیں بچ گئیں، پوری قوم کو ارشد خان کی بہادری اور حوصلے پر فخر ہے'۔