امتحانی مراکز پر اضافی کاغذ کی عدم دستیابی

سرینگر//منگل کو میٹرک کے ریاضی مضمون کاامتحان دینے والے متعدد امیدواروں نے الزام لگایا ہے کہ انہیں امتحانی مراکز پر کاغذ کے اضافی شیٹ نہیں دیئے گئے جس کی وجہ سے اکثر امیدوار ایک دو سوال حل کرنے سے رہ گئے۔ گورنمنٹ ہائراسکینڈری اسکول نیوہ پلوامہ اورمیلنسن گرلزاسکول سرینگرمیں امتحان دے رہے امیدواروں نے کہا کہ انہیں امتحانی مرکز پر کاغذ کے اضافی اوراق نہیں دیئے گئے۔ امتحانی مرکز نمبر6119گورنمنٹ ہائراسکینڈری اسکول نیوہ کے امیدواروں نے کہاکہ ابھی امتحان ختم ہونے میں ایک گھنٹہ تھااور ہم نے نگران عملے سے مزیدکاغذکے اوراق طلب کئے،لیکن ہمیں اُس وقت سخت دکھ ہوا جب نگران عملے نے کہا کہ ان کے پاس کوئی اضافی کاغذ ہے نہیں۔اسی طرح کی شکایات میلنسن گرلزاسکول سے بھی موصول ہوئی۔امتحانی مرکز نمبر8172میں امتحان دے رہی ایک طالبہ نے الزام لگایا کہ غیرذمہ دارنگران عملے نے ناشائستہ سلوک کامظاہرہ کرتے ہوئے ہمیں اضافی کاغذ نہیں دیئے جبکہ ابھی امتحان ختم ہونے میں آدھ گھنٹہ تھا۔بورڈ کے جوائنٹ سیکریٹری سید عبدالروف سے جب اس بارے میں استفسار کیاگیا تو انہوں نے طلباءکو تحریری شکایت دفتر میں جمع کرنے کاکہاتاکہ متعلقہ نگران عملے سے معاملے کی تحقیقات کی جائے۔