الیکشن کمیشن کا سیاسی جماعتوں سے8اگست کو ملاقات کا پروگرام طے

 عظمیٰ نیوز سروس

 

سرینگر// الیکشن کمیشن 8اگست کو جموں و کشمیر کی سیاسی جماعتوں سے ملاقات کرے گا تاکہ مرکز کے زیر انتظام علاقے میں اسمبلی انتخابات کے انعقاد کے بارے میں رائے حاصل کی جا سکے۔ چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر نے منگل کو مختلف سیاسی جماعتوں کو خطوط جاری کرتے ہوئے انہیں الیکشن کمیشن کے ساتھ میٹنگ کی دعوت دی ہے۔سیاسی جماعتوں کو الیکشن کمیشن سے ملاقات کے لئے وقت بھی دے دیا گیا ہے۔

 

چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار کی قیادت میں کمیشن، 8 سے 10 اگست تک جموں و کشمیر کا دورہ کرے گا تاکہ اسمبلی انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لے سکے۔کمار کے ساتھ الیکشن کمشنر گیانش کمار اور ایس ایس سندھو بھی ہوں گے۔سیاسی جماعتوں سے ملاقات کے علاوہ کمیشن چیف الیکٹورل آفیسر اور مرکزی فورسز کے کوآرڈینیٹر کے ساتھ بھی صورتحال کا جائزہ لے گا۔کمیشن تمام اضلاع کے انتخابی افسران اور پولیس سپرنٹنڈنٹس کے ساتھ ساتھ چیف سیکرٹری اور ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کے ساتھ تیاریوں کا بھی جائزہ لے گا۔10 اگست کو کمیشن نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ جائزہ میٹنگ کے لیے جموں کا دورہ کرے گا۔ وہ جموں میں ایک پریس کانفرنس بھی کرے گا تاکہ میڈیا کو جائزہ کے عمل سے آگاہ کیا جا سکے۔جموں و کشمیر میں انتخابی مشق عام طور پر ایک ماہ پر محیط ہوتی ہے۔