الیکشن سے متعلق این سی کا اعلان

 
 
راجوری //بھاجپا کے سینئر لیڈر و سابق ممبرقانون ساز کونسل وبودھ گپتا نے نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ کے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے دیئے گئے بیان پر شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ فاروق عبداللہ اور ان کی جماعت کی طرف سے الیکشن بائیکاٹ کا اعلان جمہوری عمل کی روح کو نقصان پہنچاناہے۔ یہاں جاری بیان کے مطابق درہال میں پارٹی کارکنا ن کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے گپتا نے کہاکہ یہ اعلان جمہوریت ، ریاست جموں وکشمیر کے عوام اور نوجوانوں کی خواہشات کو نقصان پہنچاناہے ۔انہوں نے کہاکہ کچھ سیاسی جماعتوں کی طرف سے ووٹوں کو تقسیم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ریاست کے عوام خاص کر نوجوان بائیکاٹ سیاست کے خلاف ہیں اور وہ پنچایتی و بلدیاتی چنائو چاہتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ اگر این سی کیلئے جمہوریت کچھ معنی نہیں رکھتی تو فاروق عبداللہ کو ممبر پارلیمنٹ سے بھی مستعفی ہوجاناچاہئے ۔انہوں نے کہاکہ درہال کے عوام کے مسائل سے وہ بخوبی واقف ہیں اور درہال سڑک کی حالت انتہائی خراب ہے ۔ انہوں نے یقین دلایاکہ وہ اپنی طرف سے پوری پوری کوشش کرکے ان مسائل کا حل نکالیں گے ۔اس موقعہ پر دیگر کارکنان نے بھی خطاب کیا ۔