کپوارہ کی دونشستوں پر42,47فیصد پولنگ
خالی بلدیاتی اور پنچایتی حلقوں کیلئے بھی ووٹ ڈالے گئے
اشرف چراغ
کپوارہ// کپوارہ میں ضلع ترقیاتی کونسل ،بلدیاتی اورضمنی پنچائتی انتخابات کے چوتھے مرحلہ کے تحت سومواردوپہر کوپولنگ پر امن طور اختتام کو پہنچ گئی ۔چوتھے مرحلہ کے تحت ضلع کے ماور قلم آ باد اور درگمولہ نشستو ں کے لئے ووٹ ڈالے گئے اور ان دونو ں نشستو ں پرضلع ترقیاتی کونسل کے لئے25امیدوار میدان میں ہیں جبکہ ماور نشست پر دو سرپنچ نشستو ں کے لئے 9اور59خالی پنچ نشستو ں کے لئے 142امیدوار انتخابی اکھاڑے میں کود پڑے ہیں۔ لنگیٹ میونسپل کمیٹی کے تین خالی وارڈوں کے لئے 19امیدوار میدان میں ہیں ۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ماور قلم آ باد اور درگمولہ نشست کے لئے 140پولنگ بوتھ قائم کئے گئے تھے جن میں 56درگمولہ اور84ماور قلم آ باد میںتھے ۔چوتھے مرحلہ کے تحت ووٹنگ پیر کی صبح 7بجے شروع ہوئی اور دوپہر 2بجے پر امن طور اختتام کو پہنچ گئی ۔ماور قلم آ باد میں صبح سے ہی پولنگ اسٹیشنو ں کے باہر ووٹرو ں کی لمبی لمبی قطاریں تھیں جبکہ اس کے مقابلہ میں درگمولہ علاقہ میں کم گہما گہمی نظر آئی ۔دونو ں نشستو ں کے لئے کل ووٹوں کی تعداد 64958تھی جن میں 32112 درگمولہ اور 32846ماور قلم آ باد میں ہے ۔ماور نشست کے لئے ضلع ترقیاتی کونسل کی ایک نشست کو چھو ڑ کر 2سرپنچ اور42پنچ نشستیں خالی پڑی ہیں جبکہ درگمولہ نشست کے لئے 17پنچ نشستیں خالی پڑی ہیں ۔ماور قلم آ باد میں دوپہر دو بجے تک 17687ووٹ ڈالے گئے جن میں 9416مرد اور8251خواتین ووٹر شامل ہیں ۔درگمولہ نشست کے لئے کل ووٹو ں کی تعداد 32846تھی جن میں 9918ووٹ ڈالے گئے اور ان میں 5072مرد اور4846خواتین شامل ہیں ۔ماور قلم آباد میں دوپہر دوبجے تک ووٹنگ کی شرح 55جبکہ درگمولہ میں 30فی صد رہی اور دونو ں نشستوں کے لئے کل ملاکر ووٹنگ کی شروع 42.47رہی جو تیسرے مرحلہ کے چنائو میں ہوئی پولنگ کے مقابلے میں 4فی صد کم ہے ۔
اونتی پورہ کے بیشترپولنگ مراکزمیں دن بھر سناٹا چھایارہا
سید اعجاز
اونتی پورہ//ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ انتخابات کے چوتھے مرحلے کے دوران جنوبی کشمیر کے اونتی پورہ کے 2بلاکوں میں ووٹنگ ہوئی ۔ علاقے میں بیشتر پولنگ مراکز پر سناٹا چھایا رہا ۔ایک بلاک کی نشست خواتین کے لئے مخصوص ہے جہاں ایک کشمیری پنڈت خاتون سمیت6خواتین نے نامزد گی فارم داخل کئے تھے جبکہ دوسرے بلاک میں چند سیاسی پارٹیوں کے امیدواروں سمیت5افرادانتخاب میدان میں ہیں۔علاقے میں صبح سویرے7بجے ووٹنگ شروع ہوئی جو دن کے دو بجے تک جاری رہی ۔دستیاب اعداد شمار کے مطابق دوونوں بلاکوں میں کل35627ووٹروں میں 18486مرد اور11714خواتین شامل ہیں ۔علاقے میں 23مقامات پر70پولنگ مراکز کو قائم کیا گیا تھا ۔علاقے میں مقررہ وقت تک کل 2188 رائے دہندگان نے اپنے ووٹ کا استعمال کیاجو اب تک کی ووٹنگ میں کم شرح6.14درج کی گئی ۔ اس سے قبل ترال اور آری پل میں 15فیصد سے زیادہ ووٹنگ ریکارڑ کی گئی تھی ۔مختلف علاقوں میںقائم پولنگ مراکزمیں سناٹا چھایا رہا ہے ۔اس دوران پوچھل ،بارسواور چند ہارہ علاقوں میں لوگوںکی خاصی تعداد نے ووٹ ڈالے ہیں۔اس دوران انتظامیہ نے بڑے پیمانے پر انتظامات کئے گئے تھے جبکہ پورے جنوبی کشمیر میں اس دوران انٹرنیٹ سروس بھی معطل رہی ہے ۔
بارہ مولہ میں ٹانگے سے ٹکراکر موٹر سائیکل سوار ہلاک
سرینگر//بارہ مولہ میں ایک موٹر سائیکل سوار اُس وقت ہلاک ہو ا،جب اُس کی بائیک کرپال پورہ میں ایک تانگے سے ٹکرائی۔اطلاعات کے مطا بق 27برس کے ناجن بانڈی پورہ کے فاروق احمد صوفی ولد علی محمد صوفی موٹر سائیکل زیرنمبرJK-01H 0385پر کہیں جارہے تھے اوراس کی موٹر سائیکل ایک گھوڑ اگاڑی سے ٹکراگئی ۔عینی شاہدین کے مطابق موٹر سائیکل سوار کو تانگے کے بمبو سینے کوچوٹ لگی ،اگرچہ اُسے فوری طور مقامی اسپتال پہنچایا گیا لیکن ڈاکٹروں نے اُسے وہاں مردہ قرار دیا۔اس دوران پولیس نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔
آلوسہ بانڈی پورہ میں42فیصد پولنگ
عازم جان
بانڈی پورہ//ضلع ترقیاتی کونسل کے چوتھے مرحلے میں بانڈی پورہ میں آلوسہ بلاک کی نشست کیلئے ووٹ ڈالے گئے۔پولنگ بوتھوں پر اگرچہ کئی مقامات پر ووٹروں کی لمبی قطاریں دیکھنے کوملی تاہم مجموعی طور پر کوروناوائر س وباء سے بچائو کیلئے رہنما خطوط کی ووٹروں نے اکثر بوتھوں پرخلاف ورزیاں کیں۔ووٹ ڈالنے کا عمل مجموعی طور پرامن رہااور ووٹنگ کی مجموعی شرح45.22فیصد رہی۔
ویری ناگ اور شاہ آبادمیں پرامن پولنگ
ووٹنگ کی مجموعی شرح27.4 فیصدرہی
عارف بلوچ
اننت ناگ //اننت ناگ میںچوتھے مرحلہ کے تحت ضلع ترقیاتی کونسل انتخابات اور ضمنی بلدیاتی چنائو پر امن طور پر اختتام کو پہنچے ۔ضلع میں ووٹنگ کی شرح مجموعی طور پر 27.04فیصد رہی۔ضلع کے دو بلاکوں ویری ناگ اور شاہ آباد میں 15امیدوار میدان میں ہیں ۔انتخابات کے پر امن انعقاد لو یقینی بنانے کے لئے سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے تھے۔ویری ناگ بلاک میں رائے دہندگان کی تعداد 22133ہیں ،جن میں سے 10192رائے دہندگان نے ووٹ ڈالیں ۔اسطرح بلاک میں ووٹنگ کی شرح 46.04فیصد رہی ۔ ویری ناگ بلاک میں 6امیدوار میدان میں ہیں۔ کانگریس پارٹی نے پارٹی کے جموں کشمیر صدر غلام احمد میر کے بیٹے نصیر میر کو میدان میں اُتارا ہے ،تو وہیں کانگریس کے سابق بلاک صدر پیر شہباز بطور آزاد اُمیدواران کے مدمقابل ہے ۔ گپکار الائنس نے بھی اپنے اُمیدوار کو میدان میں اُتارا ہے۔ شاہ آباد بلاک میں رائے دہندگان کی تعداد 31177ہے جس میں سے 4127ووٹ ڈالے گئے ۔بلاک میں ووٹنگ کی شرح 13.23فیصد رہی ۔بلاک کے 2پولنگ مراکز پر توقع سے کم ووٹ پڑے۔آرہ خوشی پورہ پولنگ مرکز پر 2ووٹ اور پٹھ بگ پولنگ مرکز پر3ووٹ ڈالے گئے ۔