عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//اپنی پارٹی کے سربراہ سید محمد الطاف بخاری نے کل سرینگر کے راج بھون میں لیفٹیننٹ گورنرمنوج سنہا سے ملاقات کی۔ انہوں نے جموں اور کشمیر میں موجودہ سیاسی اور سیکورٹی کے منظر نامے پر تبادلہ خیال کیا۔ جبکہ اپنی پارٹی کے صدر نے ایل جی سنہا کی نوٹس میں بعض عوامی مسائل لائے اور انہیں فوری طور حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔بخاری نے ایل جی منوج سنہا کو کئی اہم عوامی مسائل اور شکایات سے آگاہ کیا۔ اپنی پارٹی کے رہنما نے سیلاب سے متاثرہ بے گھر اور اپنی زمینیں کھو دینے والوں کو 5 مرلہ اراضی فراہم کرنے کے انتظامیہ کے حالیہ اعلان کو سراہا۔ بخاری نے ایل جی منوج سنہا پر زور دیا کہ وہ متاثرہ فروٹ انڈسٹری کے لیے مناسب معاوضے کی ادائیگی کو یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ حالیہ قدرتی آفات اور قومی شاہراہ بند ہوجانے کی وجہ سے میوہ صنعت شدید نقصان پہنچا ہے اور متاثرین کو حکومت کی جانب سے معقول معاوضے کی فراہمی کی اشد ضرورت ہے۔