اقوام متحدہ مبصرین کی گاڑی پر فائرنگ | پاکستان کاالزام بھارت نے مسترد کیا

نئی دہلی//بھارت نے اتوار کو پاکستان کے ان الزامات کہ اس کے فوجیوں نے دانستہ طور اقوام متحدہ کے مبصروں کی گاڑی کو حدمتارکہ پر فائرنگ کرکے نشانہ بنایا،کو’’ من گھڑت اور بے بنیاد ‘‘قراردیا۔وزارت خارجہ کے ترجمان انوراگ سری واستو نے کہا کہ پاکستان کوذمہ دارانہ طور ’’خامیوں‘‘کی تحقیقات کرنی چاہیے ،بجائے اس کے کہ من گھڑت اور بے بنیادالزامات کو باربار دہراکراپنی خامیوں پر پردہ ڈالا جائے۔پاکستان نے جمعہ کو الزام لگایاتھا کہ بھارتی فوج نے حدمتارکہ پرچیری کوٹ سیکٹر میں اقوام متحدہ کے مبصروں کی گاڑی کو نشانہ بنایا۔بھارتی حکومت کے ذرائع نے اُسی دن ان  الزامات کو مسترد کردیاتھا۔ایک سوال کے جواب میں سری واستو نے کہا کہ بھارت نے اس سلسلے میں پاکستان کو اپنی تحقیقات اور رائے سے آگاہ کیا ہے .۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ان الزامات کہ اقوام متحدہ کے مبصروں کی گاڑی کوجان بوجھ کر نشانہ بنایا گیا،کی تفصیلی تحقیقات کی گئی اور ان الزامات کو بے بنیاد اور من گھڑت پایا گیا۔انہوں نے کہا کہ اگلے مورچوں پرتعینات ہمارے فوجیوں کو اقوا م متحدہ کے مبصروں کے نقل وحمل کی جانکاری تھی اورانہوں نے کوئی فائرنگ نہیں کی جیساکہ الزام لگایاگیا۔