سرینگر/ اقبال انسٹی ٹیوٹ آف کلچر اینڈ فلاسفی کے اہتمام سے 12مارچ کو کشمیر یونیورسٹی کے گاندھی بھون میں دو روزہ قومی سمینار ’’ عصری عالمی نظام اور اقبال‘‘ کے موضوع سے منعقد ہوا جس کی صدارت کشمیر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر طلعت احمد نے کی۔ پروفیسر طلعت احمد نے اپنے خطبۂ صدارت میں اقبال کے فلسفۂ کو عصر عالم کیلئے بقاء و بہبود قرارد یتے ہوئے اقبالیات کے دانشوروں پر زور دیا کہ وہ اقبال کے آفاقی پیغام کو دوسروں تک پہنچانے میں کوشش کریں۔ سمینارمیں مہمان خصوصی کی حیثیت سے موجود جواہر لعل یونیورسٹی دہلی کے پروفیسر محمد اسلم اصلاحی نے اپنے خطاب میں کہا کہ اقبال کو صرف مسلمانوں یا کسی خاص طبقہ یا خطے کے ساتھ جوڑنا اُن کی تعلیمات کے ساتھ سراسر ناانصافی ہے بلکہ اُن کے فلسفے کا محور پوری عالم انسانیت ہے کیونکہ قرآن اُن کی فکر کا بنیادی ماخذ رہا ہے۔ سمینار میں ماہرِ اقبالیات پروفیسر بشیر احمد نحوی نے اپنے کلیدی خطبے میں اقبال انسٹی ٹیوٹ آف کلچر اینڈ فلاسفی کی تاریخ اور سفر پر روشنی ڈالتے ہوئے وائس چانسلر سے اپیل کی کہ وہ اس منفرد انسٹی ٹیوٹ کو زندہ و پائندہ رکھنے کیلئے اپنی ذاتی کوششیں بروئے کار لائیں۔