کابل //افغانستان کے قومی کرکٹرز نے پاکستان کے خلاف تین ونڈے میچز سے قبل کابل اسٹیڈیم میں ٹریننگ اور پریکٹس کا آغازکر دیا ہے۔یہ کابل پر طالبان کے قبضے کے بعد افغانستان کی کسی بھی ٹیم کے ساتھ پہلی سیریز ہے۔اپنی ایک فیس بک پوسٹ میں افغانستان کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ ان کی ٹیم پاکستان کے خلاف ونڈے میچز کی سیریز کی تیاری کررہی ہے اور جلد ہی سری لنکا روانہ ہوجائے گی۔اس سے قبل منگل کے روز افغانستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ حامد شنواری نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ طالبان کرکٹ سے محبت کرتے ہیں اور اپنی ٹیم کو تعاون کررہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا تھا کہ پاکستان کے خلاف ونڈے میچز کی سیریز شیڈول کے مطابق ہوگی۔پچھلے ہفتے دوحہ میں افغان طالبان کے ترجمان سہیل شاہین نے کہا تھا کہ طالبان ہی افغانستان میں کرکٹ کو لے کر آئے تھے اور اب بھی ان کے ملک میں کرکٹ جاری رہے گی۔کرکٹ جاری رہے گی اور جو بھی ہم سے ہو سکا ہم کرکٹ میں مزید بہتری لائیں گے۔ جس وقت ہم برسراقتدار تھے تو کرکٹ کو ہم نے ہی متعارف کروایا تھا۔مجھے یاد ہے جب میں اسلام آباد تھا تو میں اور ضعیف صاحب ٹسٹ میچ دیکھنے گئے تھے۔ کرکٹ جاری رہے گی۔ میچ دیکھنے کا وہ ایک اچھا تجربہ تھا۔ ہم خوش تھے۔ ہمارے کھلاڑیوں نے وہاں میچ کھیلا، وہ ایک شاندار میچ تھا۔ اگرچہ ہم اس میں کامیاب نہیں ہوئے تھے لیکن انہوں نے کوشش کی۔ انہوں نے محنت کی اور اور دونوں ٹیموں میں بہت کم فرق تھا۔پاکستان اور افغانستان کے درمیان تین ونڈے میچز کی سیریز ستمبر کے پہلے ہفتے میں سری لنکا میں کھیلی جائے گی۔