راجوری //بدھل کے عوام نے گورنمنٹ ڈگری کالج کی عمارت کی تعمیر پر تحقیقات کروانے کی مانگ کی ہے کیونکہ کالج کی عمارت کا افتتاح ہونے سے قبل پانی ٹپکنا شروع ہوگیاہے ۔مقامی لوگوں نے بتایاکہ کالج کو نو سال قبل منظوری ملی تھی اور ایک سال بعد کالج کیلئے عمارت کی تعمیر کو منظوری مل گئی لیکن اس کی تکمیل ہونے میں آٹھ سال لگ گئے تاہم بدقسمتی کی بات ہے کہ ابھی عمارت کا افتتاح ہو اہی نہیں کہ اس کی چھت سے پانی ٹپکنے لگ گیاہے ۔مقامی لوگوں نے بتایاکہ حال ہی میں یہ کام پایہ تکمیل کو پہنچاہے جس کا ابھی افتتاح ہوناباقی ہے مگر اس کی چھت سے مختلف جگہوں سے پانی ٹپک رہاہے جس سے یہ ظاہر ہوتاہے کہ یہ کام غیر معیاری ہواہے ۔ مقامی شہری وقار لون نے الزام لگایاکہ اس تعمیری کام میں غیر معیاری میٹریل کا استعمال کیاگیاہے جس کی بناپر چھت سے پانی ٹپکنا شروع ہوگیاہے ۔انہوں نے کہاکہ اس پر محکمہ تعمیرات عامہ نے آنکھیں موندھ رکھی ہیں ۔لون نے کہاکہ کالج کے سینکڑوں طلباء اور عملہ کی زندگیوں کو خطرہ لاحق ہے اور وہ عمارت بن جانے کے بعد بھی غیر محفوظ ہیں ۔انہوں نے کہاکہ اس کام پر تحقیقات کروائی جائے ۔