سرینگر // ناظم باغبانی کشمیر اعجاز احمد بٹ نے ضلع بڈگام کے چاڈورہ اور چرارشریف علاقوں میں محکمہ کی سکیموں کا جائزہ لیا۔انہوںنے نرسریوں کا بھی معائنہ کیا جو باغبانی شعبے میں ریڑھ کی ہڈی کا کام کرتی ہیں ۔ناظم باغبانی نے علاقے کے کچھ نجی میوہ باغات کا بھی دورہ کیا اور باغ مالکان کو درپیش مسائل سے آگاہ ہوئے۔انہوں نے ماتحت عملے کو ہدایات جاری کئے کہ وہ باقاعدگی سے میوہ باغات کا دورہ کریں اورکاشکاروں کودرپیش مشکلات کو دور کرنے کی کوشش کریں۔ انہوں نے ملازمین سے کہا کہ ہفتے میں کم سے کم تین بار دفتر میں موجود رہیں تاکہ دفتر آنے والے کاشتکاروں کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا جاسکے۔ڈائریکٹر موصوف نے مرکزی اسکیم ایم آئی ڈی ایچ کے تحت قائم فارمنگ ہینڈلنگ یونٹوں کا بھی معائنہ کیا جہاں پھلوں کی مناسب طریقے سے پیکنگ ہوتی ہے یا انہیں اسٹور کیا جاتا ہے۔ انہوںنے کاشتکاروں کو مشورہ دیا کہ وہ بہتر کسانوںکے ساتھ مل جل کر اعلیٰ کام کے آپشن تلاش کریں کیونکہ اس طرح کی کوششوں نے ضلع شوپیاں میں بہترین نتائج ظاہر کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ باغبانوں کو نئے اوزار فراہم کئے جائیں۔ انہوں نے اعلیٰ کثافت والے پودے لگانے پر بھی زور دیا۔