عظمیٰ نیوزسروس
پونچھ // جموںوکشمیرنیشنل کانفرنس یوتھ جموں کے صوبائی صدر اور سابق ایم ایل اے پونچھ اعجاز جان نے تکیہ شریف، بانڈی چیچیاں، پونچھ میں حضرت درویش غلام قادر صاحب رحمۃ اللہ علیہ کے پہلے دن کے عرس مبارک میں شرکت کی۔عرس مبارک میں متعدد مذہبی رہنماؤں اور تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔اس موقع پر اعجاز جان نے جموں و کشمیر کے عوام کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے دعا کی۔مذہبی تقریب کے بعد اعجاز جان نے مریضوں سے ملنے اور ان کی خیریت دریافت کرنے کے لیے پونچھ ہسپتال کا دورہ کیا۔ انہوں نے ضلع ہسپتال پونچھ کے حکام پر زور دیا کہ وہ وہاں داخل مریضوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کریں۔ اعجاز جان نے ایک نوجوان لڑکے کی بے وقت موت پر اظہار تعزیت کرنے کے لیے پونچھ کے علاقے کھڑی کرماڑہ کا بھی دورہ کیا جو حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کر گیا تھا۔ انہوں نے سوگوار خاندانوں سے اپنی گہری ہمدردی کا اظہار کیا اور مرحوم کی روح کے لیے تسلی اور ابدی سکون کی دعا کی۔