اعجازاسدؔ بھارتیہ بھاشاپریشدیوواایوارڈسے سرفراز

راجوری//ضلع ترقیاتی کمشنرراجوری اور ریاست جموں وکشمیرکے نوجوان شاعر محمداعجازاسدکو شعری مجموعہ’ برف زار‘ کیلئے بھارتیہ بھاشا پریشد کی طرف سے  ’بھاشا پرشید یووا پرسکار‘  2018 ؁ء ایوارڈ عطاکیاگیا۔یہ ایوارڈکولکتہ میں منعقدہ ایک پروقارتقریب کے دوران مغربی بنگال کے گورنر کیشری ناتھ ترپاٹھی کے ہاتھوں اعجازاسدؔکودیاگیا۔اس موقعہ پرگورنرمغربی بنگال ودیگرادباومعززشخصیات نے اعجازاسدؔکی شعری صلاحیتوں کی ستائش کی۔واضح رہے کہ ڈی سی راجوری کاشعری مجموعہ ’’برف زار‘‘ سال 2018 ؁ء میں ایجوکیشنل پبلشنگ ہاوس دلی نے شائع کی تھی۔برف زار شعری مجموعہ نے بڑے ادباکی توجہ اپنی طرف مبذول کروائی تھی۔جن میں مشہور بالی وڈ ڈائریکٹر،ادیب اور شاعر گلزارؔ بھی شامل ہیں ۔ اس کے علاوہ اردو کے مشہور شاعر مصنف اور تنقید نگار شمس الرحمن فاروقی نے بھی لکھا ہے کہ اعجاز اسدؔ نے انسانی احساسات اور موجودہ سماجی صورتحال کوبہتر طریقے سے بیان کیا ہے۔انھوں نے مزید کہاہے کہ  اعجاز اسدؔ ان کچھ اہم نوجوان شعراء میں سے ہیں جنھوں نے اپنی شاعری میں نئی چیز یں لاکرانہیں نئی طاقت دینے کی کوشش کی ہے۔ اعجاز اسدؔ کا تعلق ریاست جموں و کشمیر کے سرحدی ضلع پونچھ کی تحصیل مینڈھر کے ساتھ ہے ۔وہ2012 ؁ء بیچ کے آئی اے ایس افسرہیں اور اسوقت ڈپٹی کمشنر رجوری کے طورپر فرائض انجام دے رہے ہیں ۔ انھوں نے متعدد قومی اور بین الاقوامی مشاعروں میںبھی اپنا کلام پڑھاہے ۔تقریب کے دوران ڈاکٹرکسم انسا(ہندی)، بھنڈاری راج کمار(تیلگو) اورکوشکی داس گپت(بنگلہ) کوبھی اعزازعطاکیاگیا۔