اشیائے ضروریہ کی دن رات سپلائی کو یقینی بنایا جائے

سرینگر/ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری نے آج اہم خدمات کے آفیسران کو ہدایت دی کہ وہ عوام کے لئے دن رات اشیائے ضروریہ اوردیگر لازمی خدمات کی فراہمی کو یقینی بنائیں ۔ترقیاتی کمشنر نے ان باتوں کا اظہار آج ضلع میں اشیائے ضروریہ کی سٹاک وسپلائی پوزیشن کا جائزہ لینے کے دوران کیا۔اس موقعہ پر انہوںنے کہا کہ وادی میں ایندھن کا وافر مقدار میں سٹاک پہنچ گیا ہے اورضرورت اس بات کی ہے کہ اس سٹاک کو منصفانہ طور تقسیم کیاجائے۔انہوںنے کہا کہ ضلع میں 46سٹیشنوں کو آج شام تک ایندھن فراہم کی جارہی ہے ۔انہوںنے ہدایت دی کہ وہ مجسٹریٹوں کے ذریعے اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ ڈیلروں کو ایندھن کی کمی کاسامنا نہ کرنا پڑے۔ترقیاتی کمشنر نے ایندھن کی ذخیرہ اندوزی میں ملوث لوگوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت دی۔اس دوران محکمہ صحت کو ہدایت دی کہ ڈاکٹروں اورنیم طبی عملہ کی طرف سے ڈیوٹی میں کسی قسم کی کوتاہی کو برداشت نہیں کیاجائے گا ۔ترقیاتی کمشنر نے راشن کے سٹاک کا بھی جائزہ لیا اورراشن کی تقسیم میں بے ضابطگیاں کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کے احکاما ت صادر کئے۔انہوںنے سٹاک پوزیشن کے بارے میں محکموں کو رپورٹ پیش کرنے کے لئے بھی ہدایت دی۔