سرینگر//اسیروں کیساتھ اظہار یکجہتی کے حق میں اور انکی ناگفتہ بہہ حالت کے خلاف مزاحمتی جماعتوں نے مائسمہ اور حیدرپورہ میں احتجاجی مظاہرے کئے۔ مائسمہ میں لبریشن فرنٹ نے نماز جمعہ کے بعد احتجاجی جلوس نکالا۔ نور محمد کلوال، سراج الدین میر، شیخ عبدالرشید،محمد صدیق شاہ، بشیر احمد کشمیری، اشرف بن سلام، پروفیسر جاوید، محمد حنیف ڈار، شاہد مکایا لوگوں کی ایک بڑی تعداد کے ہمراہ مائسمہ لالچوک میں جمع ہوئے اور بڈشاہ چوک لال چوک تک ایک احتجاجی ریلی نکالی۔ ہاتھوں میں جنوب وشمال میں جاری ظلم و جبر کے خلاف اور اسیران جموں کشمیر کے تئیں اظہار یکجہتی کے نعروں پر مشتمل پلے کارڈ اٹھائے شرکاء جلوس نے بڈشاہ چوک کے نزدیک احتجاجی دھرنا دیا جس سے کئی فرنٹ قائدین نے خطاب کیا۔احتجاجی مظاہرے بعد میں پرامن طور پر منتشر ہوئے۔ادھر حید رپورہ میں بھی ایک احتجاجی جلوس برآمد ہوا۔مظاہرین کے ہاتھوں میں جو کتبے تھے ان پر ’’اسیران تحریک کی زندگی سے کھلواڑ برداشت نہیں، برداشت نہیں‘‘ کے نعرے درج تھے۔مظاہرین میں حکیم عبدالرشید، محمد یوسف نقاش، بلال صدیقی،مولوی بشیر احمد عرفانی، مولوی بشیر قریشی، محمد شفیع لون،زمردہ حبیب، یاسمین راجہ، محمد یٰسین عطائی، امتیاز احمد شاہ، سید محمد شفیع، خواجہ فردوس، مدثر ندوی، سید امتیاز حیدر اور دیگر لوگ شامل تھے۔ اس موقع پر حکیم عبدالرشید اور بشیر احمد قریشی نے خطاب کرتے ہوئے کہا جیلوں میں اسیران تحریک کی حالت ناگفتہ بہ ہے۔احتجاجی مظاہرین بعد میں نعرہ بازی کرتے ہوئے پرامن طور پر منتشر ہوئے۔