دہلی// مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے بتایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں لیے جانے والے ایک تاریخی فیصلے میں، محکمہ عملہ اور تربیت (ڈی او پی ٹی) نے اسٹاف سلیکشن کمیشن ملٹی ٹاسکنگ (نان ٹیکنیکل) اسٹاف (ایس ایس سی ایم ٹی ایس) امتحان، 2022 اور سی ایچ ایس ایل ای امتحان، 2022 ہندی اور انگریزی کے علاوہ 13 علاقائی زبانوں میں منعقد کیے جانے کو منظوری دی ہے۔ یہ تاریخی فیصلہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی پہل پر مقامی نوجوانوں کی شمولیت اور علاقائی زبانوں کی حوصلہ افزائی کے لیے کیا گیا ہے۔ہندی اور انگریزی کے علاوہ، سوالات کا پرچہ 13 علاقائی زبانوں یعنی آسامی، بنگالی، گجراتی، مراٹھی، ملیالم، کنڑ، تمل، تیلگو، اوڈیہ، اردو، پنجابی، منی پوری (میٹی بھی) اور کونکنی میں ترتیب دیا جائے گا۔اس فیصلے کے نتیجے میں لاکھوں امیدوار اپنی مادری زبان/ علاقائی زبان میں امتحان میں حصہ لیں گے اور ان کے انتخاب کے امکانات بہتر ہوں گے۔مختلف ریاستوں کی طرف سے انگریزی اور ہندی کے علاوہ دیگر زبانوں میں ایس ایس سی امتحانات منعقد کرنے کے لیے مسلسل مطالبہ کیا جا رہا تھا۔ حکومت نے دیگر چیزوں کے ساتھ اس پہلو کو بھی دیکھنے کے لیے ایک ماہر کمیٹی کا تقرر کیا تھا (کمیشن کے ذریعہ منعقدہ امتحانات کے اسکیم اور نصاب کا جائزہ)۔ماہرین کی کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں دیگر باتوں کے ساتھ ساتھ درج ذیل کی سفارش کی تھی: ”ایس ایس سی خاص طور پر گروپ ‘C’ کی پوسٹوں کا مطالعہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ یہ پوسٹیں حکومت اور شہریوں کے باہمی تعامل کے تابع ہیں۔ ہندوستان ایک ایسا ملک ہونے کے ناطے جہاں متعدد زبانیں بولی جاتی ہیں، 12ویں اور 10ویں کے امتحانات کثیر زبانوں میں منعقد کرنا مناسب ہوگا۔