عظمیٰ نیوز سروس
جموں//نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری نے کل کہا کہ 16.20کلومیٹر طویل سنگرامہ۔ سوپور۔ سگی پورہ سڑک کی اَپ گریڈیشن کے لئے 1811.54 لاکھ روپے کی لاگت سے ڈِی پی آر تیار کیا گیا ہے اور نبارڈ آر آئی ڈی ایف کے تحت منظوری کے لئے زیر غور ہے۔وزیر موصوف ایوان میں رُکن اسمبلی میر محمد فیاض کی طرف سے اُٹھائے گئے ایک سوال کا جواب دے رہے تھے۔اُنہوں نے ایوان کو بتایا کہ 2024-25 کے دوران کولنگام سے زندری موڈ تک 11.50 کلومیٹر طویل سڑک کو شہری و قصبہ جات پروگرام کے تحت بلیک ٹاپ کیا گیا ہے۔وزیر موصوف نے مزید کہا کہ کولنگام سے کپواڑہ تک سڑک کا انتظام بیکن کے ذریعہ کیا جاتا ہے اوراسے دو گلیاروں والی پختہ خصوصیات کے ساتھَ اپ گریڈ کیا جارہا ہے۔ دریں اثنانائب وزیر اعلیٰ سریندرکمار چودھری نے کل کہا کہ سٹون کرشرز اورہاٹ اینڈ ویٹ مکس پلانٹس صرف اس وقت قائم کئے جاتے ہیں جب متعلقہ محکموں سے نو آبجیکشن سر ٹیفکیٹ (این او سی) حاصل کیا جائے۔ ایوان میں رُکن اسمبلی شیخ خورشید احمد کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ معمولی معدنیات پر مبنی یونٹوں کو منظّم کرنے کے لئے انہیں جموں و کشمیر پولیوشن کنٹرول بورڈ سے منظوری حاصل کرنی ہوتی ہے اور متعلقہ ضلع کے ڈپٹی کمشنر سے زمین کی تصدیق کے سلسلے میں این او سی لینا لازمی ہے۔نائب وزیرا علیٰ نے بی۔اِی میدان کرال گنڈ قاضی آباد لنگیٹ میں جزوی طور پر کام کرنے والے کرشر کے حوالے سے بتایا کہ 5 کنال زمین (سروے نمبر 33 من، 35 من) بلمیدان گاؤں، راسری پورہ، لاری گنپورہ تحصیل قاضی آباد میں بیچنگ پلانٹ، بِٹمین پلانٹ اور مین سٹور کے قیام کے لئے 30 ماہ کی عارضی مدت کے لئے مختص کی گئی ہے، تاکہ آر کے سی ٹی سی روڈ کی تعمیر کی ضروریات پوری کی جا سکیںجو کہ ایم او آر ٹی ایچ کے تحت ایک قومی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے۔نائب وزیر اعلیٰ نے مزید بتایا کہ ضلع ترقیاتی کمشنر کپواڑہ نے آگاہ کیا ہے کہ اِس معاملے میں حتمی فیصلہ ہونا باقی ہے کیوں کہ مختلف دستاویزات ابھی زیر عمل ہیں۔اُنہوں نے مزید کہا کہ سٹون کرشر یونٹ کی تنصیب کے لئے محکمہ جیولوجی اینڈ مائننگ سے این او سی درکار نہیں ہے، جیسا کہ ایس او 60 آف 2021 بتاریخ 23 ؍ فروری 2021 میں درج ہے۔ تاہم، لیز ایگریمنٹ، ماحولیاتی منظوری اور دیگر محکموں سے این او سی کا عمل جاری ہے اور سٹون کرشرز کی فعالیت یا عدم فعالیت کا فیصلہ متعلقہ ضلعی اِنتظامیہ کے دائرہ اِختیار میں آتا ہے۔