اسلحہ و گولہ بارود کی برآمدگی کا معاملہ | این آئی اے کی عدالت میں9کیخلاف چالان پیش

اشرف چراغ
کپوارہ//کپوارہ پولیس نے گزشتہ سال سرحدی علاقہ کرناہ میں اسلحہ و گولہ بارود اور منشیات کی بھاری مقدار کی بر آمدگی سے متعلق 9ملزموں کے خلاف قومی تفتیشی ایجنسی کی عدالت میں فرد جرم دائر کیا ۔یہ فرد جرم 6گرفتار ملزمان اور ان کے تین معانین جو اس وقت پاکستانی زیر انتظام کشمیر میں مقیم ہیں، کے خلاف دائر کیا گیا ۔گرفتار شدگان میں عادل حسین شاہ ولد میر حیدر شاہ ساکن تکیہ بہادر کوٹ کرناہ ،فارز حسین شاہ ولد میر شاہ ساکن پراڈا کرناہ ،رفیق احمد ٹنچ ولد محمد خان ٹنچ ساکن بیادی کرناہ،عامر فرید ٹنچ ولد محمد خان ٹنچ ،محمد فاروق بڈان ولد محمد یوسف بڈان ساکن امروہی کرناہ اور عمر اشرف لون ولد محمد اشرف لون ساکن وجے پورہ حاجن بانڈی پورہ شامل ہیں ۔پولیس فرد جرم میں اس بات کا بر ملا اعتراف ہے کہ تمام ملزمان سرحد عبور کر کے اسلحہ و گولہ بارود اور منشیات منگوانے اور پھر وادی میں سپلائی کرنے کی گہری شازش کا حصہ تھے ۔پولیس فرد جرم میں یہ بھی کہا گیا کہ نشہ آور ادویات جمو ں و کشمیر اور ملک کے دیگر حصوں میں سرحد کے اس پار کالعدم تنظیم لشکر طیبہ کے کارندوں کے ساتھ ملکر پیسہ حاصل کرنے کے لئے فروخت کرتے تھے اور گرفتار کئے گئے ملزمو ں کے ذریعے جمو ں و کشمیر میں جنگجوئو یانہ سر گرمیو ں کوآگے بڑھانے کے لئے نوجوانوں کو اکسا رہے تھے ۔دفعہ 299سی آر پی سی کے تحت فرد جرم میں سرحد پار مقیم جنگجو ئوں معاونین محمد صادق شاہ ولد اکبر شاہ جو اصل میں پنجتارہ کرناہ سے تعلق رکھتا ہے ،نذیر احمد ولد منگتہ شاہ کا تعلق بھی کرناہ سے ہے جو مظفر آباد میں مقیم اور محمود شاہ ولد منصور شاہ پنجتارہ کرناہ بھی شامل ہیں اور ان پر الزام ہے کہ یہ تینو ں فرد جرم میں شامل 6ملزموں کو مدد کر کے اسلحہ اور منشیات وادی پہنچاتے تھے ۔تمام نو ملزمو ں کے خلاف پولیس تھانہ کرناہ میں 2نومبر 2021کو ایک کیس درج کیا گیا ہے اور ان کے قبضے سے 2اے کے رائفلز،2اے کے میگزین اور 208آر ڈی ایکس اسٹکس برآمد کی گئی تھیں تاہم پولیس تفتیش کے بعد4پستول ،5پستول میگزین اور ایک پاکٹ برائون شوگر بھی بر آمد کیا گیا اور اس کیس کے دیگر ملزمو ں کی بھی گرفتاری عمل میں لائی گئی ۔