یو این آئی
واشنگٹن//امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی معاہدہ جلد ہوسکتا ہے۔اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ ایران جوہری پروگرام معاہدے کے قریب ہیں۔امریکی صدر نے درآمدشدہ اسٹیل پرٹیرف 50فیصد کر نے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ چینی صدر شی جن پنگ سے تجارت اور ٹیرف پربات کروں گا، امید ہے تجارت اور ٹیرف پر امریکہ چین اختلافات دور ہو جائیں گے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ ٹیرف کے معاملے پر عدالتی جنگ جیتنا چاہتے ہیں، غیرملکی طالب علموں کو فی الحال امریکا سے نہیں نکال رہے، ہارورڈ یونیورسٹی کے ساتھ لڑائی کے باوجود چاہتا ہوں کہ غیر ملکی طلبا یہاں تعلیم حاصل کریں۔ڈونالڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی معاہدہ جلد ہو سکتا ہے۔ادھر فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس نے کہا کہ غزہ سیز فائر اور یرغمالیوں کی رہائی کے لیے امریکا کی جانب سے تجویز کردہ منصوبہ جنگ کے خاتمے سمیت بنیادی مطالبات کو پورا نہیں کرتا اس لیے اسے مسترد کر دیں گے۔دوسری جانب اسرائیل نے حماس کو سخت الفاظ میں خبردار کیا ہے کہ وہ غزہ میں مغویوں کی رہائی کے لیے پیش کردہ معاہدے کو قبول کرے، ورنہ صفح ہستی سے مٹا دیا جائے گا۔