بانڈی پورہ //حاجن بانڈی کے مسلم لیگ سے وابستہ اسداللہ پرے کو دسویں بار سیفٹی ایکٹ لگا کر جموں جیل بھیج دیا گیا ہے ۔6بچوں کے والد اسداللہ پرے کو 2014 میں گرفتار کیاگیا اور وہ کنبہ کا واحد کفیل ہے۔ اسداللہ پرے کی دختر کاکہنا ہے کہ ’پاپا پرسیفٹی ایکٹ لگا کر بچوں کو شفقت پدری سے محروم رکھا جارہاہے اور مسلسل جیل میں قید رکھنے سے بچوں کی پڑھائی بھی متاثر ہورہی ہے اور نان شبینہ کے تڑپنا پڑ رہا ہے ‘‘۔مذکورہ دختر نے کہا کہ ’’پاپا کو کورٹ بلوال جموں جیل سے حاجن پولیس سٹیشن لایا گیا اورتمام کیسوں کی ضمانت منظور ہوئی اور وہ رہا ہونے والے ہی تھے کہ یہ خبر پہنچی کہ پاپا کو دسواں پبلک سیفٹی ایکٹ لگایا ہے اور دوبارہ جیل واپس بھیج دیا گیا ہے ‘‘۔ ان کے گھر والوں اور پڑوسیوں نے کہا کہ اسداللہ پرے کی گھریلو حالت مسلسل نظر بندی سے ابتر ہوگئی ہے ۔