سرینگر//ٹیگور ہال میں ’سرینگر سمارٹ سٹی استقبال چلہ کلاں ‘کی3روزہ تقریب سوموار کو اختتام پذیر ہوئی۔تین روزہ ثقافتی تقریب’استقبال چلہ کلاںکا اہتمامActors Creative Theatre نے جے اینڈ کے اکیڈمی آف آرٹ ، کلچر اینڈ لینگویج اور محکمہ سیاحت کشمیر کے اشتراک سے کیا۔اختتامی تقریب پر ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر ڈاختر شاہد اقبال چودھری جوکہ سرینگر سمارٹ سٹی لمٹیڈ کے سی ای او بھی ہیں ،مہمان خصوصی تھے ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اس طرح کے ثقافتی پروگرام کے انعقاد پر منتظمین کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس تقریب کا انعقاد صرف زندہ دل لوگوں کے ذریعہ ہی ہوسکتا ہے وہ بھی ان سخت سردیوں میں جب گھروں سے باہر آنے کا خوف آتا ہے۔انہوں نے کہا کہ فنکاروں کی طرف سے پیش کئے گئے پروگراموں میں جموں و کشمیر کی ثقافت کی عکاسی ہوئی ہے۔اس موقعہ پر فیسٹول کے ڈائریکٹر مشتاق علی احمد خان نے شاہد اقبال چودھری کو ایک میمنٹو اور شال پیش کیا ۔تقریب پر ریڈیو کشمیر سرینگر کے سابق ڈائریکٹر سید ہمایوں قیصر بطور مہمان ذی وقار تھے ،نے کہا کہ جب چلہ کلاں میں فٹ میچ کھیلا جاسکتا ہے تواس طرح کے کلچرل پروگرام بھی منعقد کئے جانے چاہئے ۔تقریب کے آخری دن4 ڈرامے پیش کیے گئے جن میں شیخ حنیف کے لکھے ہوئے ’بے ادبی معاف ، بجلی ، چلہ کلاں اور بشیر کوترو کا لکھا ہو ایک ڈرامہ بھی شامل ہے۔اس موقع پرشگفتہ اینڈ گروپ کی طرف سے ڈوگری ڈانس پیش کیا گیا ۔اس کے علاوہ گلو کاروں نے مختلف زبانوں میں گیت گائے۔گل جاوید نے ایک مزاحیہ پروگرام پیش کیا ۔ مشتاق علی احمد خان نے اس طرح کے پروگرام کا مقصد سردیوں کے ان ایام میں لوگوں کو لطف اندوز کرنا تھا ۔معروف ادکار طارق جاوید اور شہزادہ عازم ،پرویز مانوس ،گلشن بدرنی ،رشید نظامی کے علاوہ دیگر کئی فنکار ،شعراء اور گلوکار بھی تقریب میں شامل ہوئے ۔