سرینگر// اساتذہ کے دیرینہ مسائل کو التوا میں رکھنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ٹیچرس فورم کے چیئرمین اور ایجیک کے نو منتخب سربراہ محمد رفیق راتھر نے اعلیٰ حکام سے یہ مسائل جلد از جلد نپٹانے کی استداء کی۔ سرینگر میں پی ایچ ای دفترمیں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ٹیچرس فورم کے صدر نے کہا کہ اساتذہ نہ صرف درس و تدریس کے عمل سے منسلک ہیں بلکہ ایمرجنسی حالات سے نپٹنے کیلئے بھی انکی خدمات کو حاصل کیا جاتا ہے۔ محمد رفیق راتھر نے کہا کہ کرونا وائرس کے دوران قرنطینہ مراکز پر اپنی خدمات پیش کرنے کے علاوہ گھر گھر جاکر میڈ ڈے میل( راشن) پہنچانا اور آف لائن اور آن لائن کلاسوں سمیت امتحانی ڈیوٹی،و الیکشن ڈیوٹی پر انہیں تعینات کیا جاتا ہے تاہم ان کے مسایل کو بہانے تراش کر کے سرد خانے کی نذر کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ دوسرے اور تیسرے گریڈ میں آنے والے اساتذہ کی تنخوہیں کئی ماہ سے التوا میں رکھی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی تعیناتی کا مسئلہ بھی جوں کا توں ہے جبکہ مہاجر ٹیچرس کی16برس کی خدمات کو ا انکی سروس میں شامل کرنا اور مشروط ادائیگی پر کام کرنے والے ملازمین کی مستقلی اور حال ہی میں ترقی یافتہ لیکچراروں کے حق میں چارج الائنس شامل کرناکچھ ایسے مطالبات ہیںجنہیں ابھی تک پورا نہیں کیا گیا۔ اس موقعہ پر محمد افضل بٹ کو ٹیچرس فورم جموں کشمیر کا صدر جبکہ شبیر احمد بٹ کو جنرل سیکریٹری،شوکت علی بیگ کو صوبائی صدر اور غلام حسن زرگر کو صوبائی سیکریٹری کے طور پر اعلان کیا گیا۔پریس کانفرنس میں ٹیچرس فورم کے سنیئر لیڈر نثار احمد جاوید احمد خان،ڈاکٹر واحد بانڈذو،پیرزادہ الطاف احمد،امتیاز احمد شاہ عبدالرافعی بٹ،نذیر احمد ماگرے اور دیگر لوگ بھی موجود تھے۔