بانڈی پورہ//آرہ گام چھٹے بانڈے کے پسماندہ طبقہ سے تعلق رکھنے والے کنبوں نے سرپنچ کی قیادت میں ڈپٹی کمشنر بانڈی بورہ دفتر کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ٓارہ گام چھٹے بانڈے گجر بستی سے پانچ کلومیٹر نکالی گئی سڑک کی ذد میں آنے والی ملکیتی اراضی کا معاوضہ فوری طور پر واگذار کیا جائے۔ احتجاجی اراضی مالکان نے بتایا کہ محکمہ پی ایم جی ایس وائی نے پانچ سال قبل سروے کرکے پانچ کلومیٹر سڑک تعمیر کرکے تین کلومیٹر کو پچھلے سال میکڈامائز بھی کیا لیکن نوے کنبوں کی ملکیتی اراضی جو سڑک کی نذر ہوگئی ہے ،ابھی تک معاوضہ سے محروم ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ایم جی ایس وائی محکمہ ٹال مٹول کررہا ہے ۔ احتجاج میں شامل سر پنچ نے کہا ’’ ہمارے جائز مطالبے کو اگر خاطر میں نہیں لایا گیا تو ہم منظم احتجاج کریں گے‘‘۔انہوں نے ڈپٹی کمشنر بانڈی بورہ اورصوبائی کمشنر کشمیر سے مطالبہ کیا کہ مستحقین کو معاوضہ ادا کیا جائے۔