محمد تسکین
بانہال //ہفتے کی دوپہر سے موسلادھار بارشوں اور ادہمپور میں کچھ وقت تک پسیاں گر آنے کی وجہ سے جموں سرینگر قومی شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت سہ پہر بعد بحال کی گئی۔ بانہال کے نزدیک روم پڑی علاقے میں شاہراہ یکطرفہ طور ہی قابل آمدورفت ہے جبکہ پنتھیال کے مقام پر بارشوں کی وجہ سے پتھروں کے گرنے سے کئی چھوٹی گاڑیوں کو نقصان پہنچا، تاہم مسافر بچ نکلے ۔ڈی ایس پی ٹریفک بانہال اصغر ملک نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ بانہال کے روم پڑی علاقے میں پتھر گرنے کے کسی تازہ سلسلے کے بغیر ہی یکطرفہ طور مسافر ٹریفک بلا خلل چلتا رہا ۔ انہوں نے کہا کہ جمعہ کے روز دن بھر شاہراہ کے بند رہنے کی وجہ سے ہفتے کی صبح سے ہی جموں اور سرینگر کیلئے دو طرفہ مسافر ٹریفک کو ترجیحی بنیادوں پر چلنے کی اجازت دی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ بانہال سے تقریبا تین کلومیٹر دور روم پڑی کے مقام پر بڑے پتھرکو ہفتے کی صبح توڑ کر سڑک سے ہٹایا گیا اور بھاری پتھروں کی زد میں آنے سے سڑک کے اس متاثرہ حصے کو دو طرفہ ٹریفک کے قابل بنانے کیلئے جاری کام بارشوں کی وجہ سے معطل کرنا پڑا ۔ ہفتے کی دوپہر بعد بارشوں کی وجہ سے سمرولی ادہمپور کے مقام پر شاہراہ پتھروں اور پسیوں کے گر آنے کی وجہ سے کچھ وقت کیلئے بند ہوگئی تھی تاہم وہاں موجود تعمیراتی کمپنی کی مشینری اور افرادی قوت کی مدد سے ٹریفک کو آدھے گھنٹے کے اندر اندر دوبارہ بحال کیا گیا ۔ادھرپتھروں کی زد میں آنے سے تین کاروں کو نقصان پہنچا تاہم مسافر بچ نکلے۔