نئی دہلی//قومی سلامتی کے مشیر اجیت دووال کی رہائش گاہ میں گاڑی لے کر داخل ہونے کی کوشش کرنے والے شخص کو سیکیورٹی اسپیشل ٹیم نے حراست میں لے لیا ہے اور اس سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے، تاحال کسی سازش کا انکشاف نہیں ہو پایا ہے.۔دہلی پولیس کے ذرائع نے بتایا کہ ’’ایک نامعلوم شخص نے این ایس اے (نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر) اجیت دوول کی رہائش گاہ میں داخل ہونے کی کوشش کی ہے۔ اس شخص کو سیکورٹی فورسز نے روک کر حراست میں لے لیا۔ مزید تفتیش جاری ہے۔‘‘ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق یہ شخص ذہنی طور پر صحتمند نہیں ہے اور کرائے کی کار چلا رہا تھا۔ ملزم نے تفتیش کے دوران دلچسپ بیان دیتے ہوئے کہا کہ اس کے جسم میں ایک چِپ نصب ہے اور اسے کوئی اور ریموٹ کے ذریعے کنٹرول کر رہا ہے۔میڈیا میں اجیت ڈوول کو ہندوستان کا جیمز بانڈ کہا جاتا ہے اور کہا جاتا ہے کہ وہ ہمیشہ دہشت گرد تنظیموں کے نشانے پر رہتے ہیں۔حراست میں لیا گیا شخص ریاست کرناٹک کے شہر بنگلور کا رہنے والا ہے۔ اس کا نام شانتنو ریڈی بتایا گیا ہے۔دہلی پولیس کے مطابق، وہ نوئیڈا سے لال رنگ کی ایک ایس یو وی کار کرائے پر لے کر اجیت دوول کے گھر پہنچا تھا۔ وہ کار قومی سلامتی کے مشیر کی رہائش گاہ کے اندر گھسنے کی کوشش کر رہا تھا، اسی دوران سیکورٹی اہلکاروں نے اسے پکڑ لیا گیا۔