گاندربل//گاندربل میں آبپاشی نہروں کی خستہ حالی سے متعلق شائع خبر کاانتظامیہ نے سنجیدہ نوٹس لیا ۔ضلع ترقیاتی کمشنرشفقت اقبال کی سربراہی میں ایک ٹیم نے بدھ کو کئی آبپاشی نہروں پر ہورہے کام کا جائزہ لیا۔انہوں نے زرعی سرگرمیاں شروع ہونے کے پیش نظر نہروں کی صفائی میں سرعت لانے کی ہدایت دی ۔ ضلع ترقیاتی کمشنرکے ہمراہ ایڈیشنل ترقیاتی کمشنراورایس ڈی ایم کنگن سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے افسران بھی تھے۔انہوں نے چنر کنگن میں کھیل میدان کی تعمیر کے ساتھ ساتھ دیگر کاموں کی پیش رفت کا بھی معائنہ کیا۔اس موقعہ پر بی ڈی او کنگن نے ترقیاتی کمشنر کو بتایا کہ بیشتر کام پایہ تکمیل تک پہنچائے گئے ہیں ۔البتہ نالہ کی طرف فینسنگ اور لیولنگ کا کام عنقریب ہی شروع کیا جائے گا ۔ترقیاتی کمشنر نے بی ڈی او پر ڈسلٹنگ کا کام مقررہ وقت میں مکمل کرنے کی ہدایت دی کیونکہ سب ڈویژن میں زرعی سرگرمیاں شروع ہوچکی ہیں۔ترقیاتی کمشنر نے کئی مقامی لوگوں کے ساتھ بات چیت کی اور اُن پر زور دیا کہ وہ لاک ڈاون پر من وعن عمل آوری کو یقینی بنائیں جو کہ اُن کی صحت اور تندرستی کے لئے ضروری ہے۔