بارہمولہ// ریاست اتراکھنڈ میں پسیاں گر آنے سے ایک دلدوز حادثے کے دوران وہاں کام کررہے اوڑی کے 7مزدور لقمہ اجل جبکہ تین زخمی اور ایک لاپتہ ہوگیا ہے۔ ایس ایس پی بارہمولہ امتیاز حسین نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اُنہیں اترا کھنڈ پولیس سے یہ معلومات فراہم ہوئی ہیں کہ اوڑی کے یہ مزدور وہاں کام کررہے تھے جس کے دوران ایک بھاری پسی کے نیچے یہ مزدور آگئے اور زندہ دفن ہوئے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ اترا کھنڈ میں ضلع ردرا پریاگ میں پیش آیا ۔ بعد میں بچائو کارروائیوں کے دوران 7 مزدوروں کی لاشیں برآمد کی گئیں۔ مزدوروں کی شناخت20سالہ بلال احمد اوڑی، 30سالہ صابر احمد ساکن بگنہ، 60سالہ عبدالرشید شیخ،26سالہ امتیاز احمد ہتھ لنگہ، 30سالہ مشتاق احمد، 30سالہ ظہور حمید شیخ اور 20سالہ گلزار احمد کے بطور ہوئی ہیں۔ ایس ایس پی نے کہا کہ وہ اترا کھنڈ پولیس سے رابطے میں ہیں اور لاشوں کو وادی لانے کے انتظامات کئے جارہے ہیں۔ انہو ں نے کہاکہ اس واقعے میں الطاف حجام ہتھ لنگہ، محمد عباس ہتھ لنگہ اور الطاف حسین ساکن موتھل شدید طور پر زخمی ہوئے ہیں جبکہ ماجد احمد نامی مزدور لاپتہ ہے۔، جس کی تلاش جاری ہے۔
اترا کھنڈ میں المناک حادثہ
