جموں//سٹیٹ الیکشن کمشنر کے کے شرما نے کہا کہ محفوظ ڈی ڈی سی انتخابات کو یقینی بنانے کیلئے پہلے ہی ضروری کووڈ پروٹوکول مرتب کیا گیا ہے ۔ ایس ای سی آج جموں اور کشمیر کے ڈپٹی کمشنران کے ساتھ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے تبادلہ خیال کر رہے تھے جس میں متعلقہ چیف میڈیکل افسران اور سٹیٹ الیکشن کمیشن کے افسران نے بھی شرکت کی ۔ ایس ای سی نے افسروں کو ہدایت دی کہ پہلے سے مرتب کئے گئے کووڈ 19 کی عمل آوری کیلئے ایک منظم لایحہ عمل مرتب کرنے کی ہدایت دی تا کہ رائے دہندگان کو اپنی حقِ رائے دہی کے استعمال میں کوئی رکاوٹ پیش نہ آئے ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت اور ضلع انتظامیہ کو محفوظ ڈی ڈی سی انتخابات کے انعقاد کیلئے مشترکہ طور کوششیں کرنی چاہئیں ۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ غیر حاضر رائے دہندگان بالخصوص کووڈ 19 مریضوں جو گھریلو یا ادارہ جاتی کورنٹین میں رہ رہے ہیں کے پوسٹل بیلٹ کو موصول کرنے کیلئے بھی طریقہ کار وضح کیا گیا ہے۔ میٹنگ میں مزید بتایا گیا کہ پولنگ سٹیشنوں اور کاؤنٹنگ سنٹروں کو بھی سینی ٹائیزڈ کیا جا رہا ہے اور پولنگ سٹیشنوں میں عملے اور رائے دہندگان کیلئے تمام حفاظتی اور صفائی ستھرائی ساز و سامان بشمول الکوہل والے سینی ٹائیزر ، انفرا ریڈ تھرما میٹر ، ماسک ، شیلڈ اور پی پی ای کٹ دستیاب رکھے جا رہے ہیں ۔