جموں//آمدن سے کئی گنازیادہ اثاثے رکھنے پر اینٹی کرپشن بیورو نے دو مختلف کارروائیوں میں سپرانٹنڈنگ انجینئر پی ایچ ای کرگل سرون سنگھ اور جونیئر اسسٹنٹ محکمہ خوراک،شہری رسدات و امور صارفین رومیش چندر کے خلاف کیس درج کرلئے ہیں ۔بیورو نے اس سلسلے میں سرون سنگھ ولد باغ سنگھ ساکن 20۔اے سیکنڈ ایکسٹنشن گاندھی نگر جموں کے خلاف ایف آئی آر زیر نمبر 02/2019جبکہ رومیش چندر ولد سانسر چندساکن بمیال تحصیل نگروٹہ ہال ہائوس نمبر 58۔اے اندراکالونی جانی پور جموں کے خلاف ایف آئی آر زیر نمبر 03/2019کاکیس درج کیاہے ۔بیورو کے مطابق ان دونوں کے خلاف علیحدہ علیحدہ جانچ کی گئی جس دوران پایاگیاکہ ان کے پا س آمدن سے کہیں زیادہ اثاثے موجود ہیں اور وہ کروڑوں کی منقولہ و غیر منقولہ جائیداد کے مالک ہیں جو انہوں نے غیر قانونی طور پر کرپشن کرکے حاصل کررکھی ہے ۔تحقیقات سے پتہ چلاکہ سرون سنگھ کے پاس ریاست اور بیرون ریاست کروڑوں کی جائیداد ہے جس میں سے تمام آرائش سے لیس گاندھی نگر میں دو منزلہ مکان ، شنکر نگر بنگلور کرناٹکہ میں ایس اے الیکٹرو ایکوپ پرائیویٹ لمیٹیڈ کے نام سے تجارتی سرگرمی ،شنکر نگر بنگلور میں ہی ایس اے آٹومیشن و کمیونیکیشن نام سے تجارت ، بنگلور بھارتیہ سٹی ٹائون شپ میں فلیٹ ، اجیت سنگھ نگر موہالی پنجاب میں ایس اے آٹومیشن کے نام سے تجارت ،سیکنڈ ڈی ایکسٹنشن سنٹر گووند سر کٹھوعہ میں ایم /ایس جنتا سیمنٹ و ٹائلز کے نام سے تجارت اور سرانو کالاکوٹ میں ایم /ایس شکتی فلور ملز میں پارٹنر شپ شامل ہے ۔ اسی طرح سے تحقیقات میں پایاگیاکہ رومیش چندر نے بھی آمدن سے کئی گنا زیادہ جائیداد جمع کررکھی ہے جس میں سے ایک کنال سے زائد جے ڈی اے اراضی پر دو منزلہ مکان ،جانی پور جموں میں خسرہ نمبر1184کے تحت غیر قانونی طور پر حاصل کی گئی 6.75مرلہ زمین پر لاکھوں روپے کا تعمیر کردہ مکان شامل ہے ۔اس کے علاوہ ملزم کے بچے ایم بی اے اور بی ڈی ایس کی ڈگریاں نجی کالجوں سے پے منٹ بنیاد پر کررہے ہیں ۔اس دوران ویجی لینس محکمہ کی ٹیموں نے ایک ساتھ دونوں ملزمان کے گھروں اور دیگر جگہوں پر چھاپے مار کر ریکارڈ ضبط کرلیا۔اس سلسلے میں مزید تحقیقات جاری ہے ۔