سرینگر// آفات سماوی سے ہوئے نقصانات کے معاوضے سے محروم افراد کے ایک وفدکو سکریٹریٹ کے نزدیک بدھ کوپولیس نے اس وقت گرفتار کیا جب وہ متعلقہ محکمہ کے افسران سے ملنے کے لئے گئے تھے تاہم بعد میں انہیںرہا کیا گیا ۔خطہ پیر پنچال میں گزشتہ کئی سال میںآفات سماوی کے سبب خانہ بدوشوں کو مال مویشیوں کا نقصان برداشت کرنا پڑا تاہم کئی سال گزرنے کے باجود انہیں سرکار کی جانب سے معاوضہ نہیں ملا ۔بدھ کو جموں صوبے کے راجوری ، پونچھ اور وسطی کشمیر کے بڈگام علاقوں سے ان لوگوں کا ایک وفد سیکریٹریٹ پہنچ گیاجہاں پولیس نے انہیں گرفتار کر کے پولیس تھانہ شہید گنج میں بند رکھا جہاں بعد میں انہیں رہا کیا گیا۔رہائی کے فوراً بعد وفد نے ریلیف کمشنر طلعت پرویز سے ملاقات کی ۔طلعت پرویز نے انہیں یقین دلایا کہ وہ اس حوالے سے ایک میٹنگ طلب کر کے متاثرین کو ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کریں گے ۔