یو این آئی
سرینگر//آشا ورکروں نے ہفتے کو پریس کالونی میں جمع ہوکر اپنے مطالبات خاص طور پر مشاہرہ میں اضافے کے مطالبے کو لے کر احتجاج درج کیا۔یہ احتجاج ‘جسٹس فار آشا’، ‘کم سے کم مزدوری ایکٹ لاگو کرو’ جیسے نعرے لگا رہی تھیں۔اس موقع پر ایک آشا ورکر نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا’’ہماری تنخواہ صرف 2 ہزار روپئے ماہانہ ہے جبکہ ہم سے کافی کام کرائے جا رہے ہیں‘‘۔انہوں نے کہا’’جب ہم تنخواہ کی بات کرتے ہیں تو ہم سے کہا جاتا ہے کہ تم مزدور ہو اگر ہم مزدور ہیں ہمیں بھی مزدروں جتنا معاوضہ دیا جانا چاہئے‘‘۔ موصوفہ نے کہا کہ 2 ہزار ماہانہ تنخواہ سے کوئی گزر بسر نہیں ہوتا۔انہوں نے کہا کہ جب تک کم از کم لیبر ایکٹ(قانونِ اُجرت) لاگو نہیں کیا جائے گا تب تک ہم کوئی کام نہیں کریں گے۔ان کا کہنا: ‘ہم اپنے بال بچے لے کر سڑکوں پر آئیں گے’۔ احتجاجیوں نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے مداخلت کی اپیل کی۔