سرینگر//پولیس نے عدالت کو جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہا ہے کہ دختران ملت سربراہ آسیہ اندرابی کے خلاف مختلف تھانوں میں19کیس درج ہیں،جبکہ سینٹرل جیل سرینگر کے سنیئر میڈیکل آفیسرنے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ آسیہ اندرابی دمہ تنائو،جلد میں سوزش اور کمر کے درد میں مبتلا ہے۔ دختران سربراہ آسیہ اندرابی کے خلاف پولیس نے فسٹ ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت میں چیف پراسکیوٹنگ آفیسر کے ذریعے یہ جانکاری فراہم کی کہ مختلف تھانوں میں ان کے خلاف19کے قریب ایف آئی درج ہیں جن میں کوٹھی باغ،نوہٹہ اور صورہ تھانوں میں تین،تین اور خانیار میں2کیس بھی شامل ہیں۔پولیس نے جو رپورٹ عدالت کے سامنے پیش کی ،اس میںکہا گیا ہے کہ5 کیس زیر تحقیقات ہے۔آسیہ اندرابی کے اہل خانہ نے انکی رہائی کیلئے عدالت کے سامنے ضمانتی درخواست پیش کی تھی،جس کے دوران انہیں عدالت میں پیش کیا گیا۔اس سے قبل جیل سپرانٹنڈنٹ کی طرف سے آسیہ اندرابی کی صحت سے متعلق رپورٹ بھی پیش کی۔رپورٹ میں جیل کے سنیئر میڈیکل آفیسر نے لکھا ہے کہ خاتون نظر بند آسیہ اندرابی مختلف امراض جن میں دمہ،جلد میں سوزش،ہائی بلڈ پریشر اورشدید کمر درد میں مبتلا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا کہ انہیں جیل میں ہی دمہ کا دور پڑ گیا،جس کے بعد انہیں صورہ میڈیکل انسٹی چیوٹ منتقل کیا گیا۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ موصوفہ کو گرد و غبار،سردی اور جیل میں نظر بند دیگر قیدیوں کے انفیکشن سے مرض میں اضافے کا خدشہ ہے،جو ان کیلئے جان لیوا بھی ثابت ہوسکتا ہے۔رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ انکا بلڈ پریشر بھی قابو میں نہیں رہتا،جس کیلئے انہیں خصوصی طور پر علاج و معالجہ کی ضرورت ہے،کیونکہ3بار ان کا علاج تبدیل کیا گیا۔میڈکل افسر نے آسیہ اندرابی کے خصوصی معالجین سے علاج و معالجہ فراہم کرنے کی تجویز دی ہے،جبکہ مریضہ کی متواتر طبی جانچ پر بھی زور دیا ہے۔عدالت نے جیل انتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ آسیہ اندرابی اور انکی دست راست فہمیدہ صوفی کا متواتر طریقے پر طبی جانچ کریں۔