مہور//ہرسال برسات کا موسم شروع ہوتے ہی ضلع ریاسی کے بالائی علاقہ جات میں مال مویشی ودیگراملاک کانقصان ہوتاہے جس سے لوگوں کولاکھوں روپے کانقصان پہنچتاہے۔امسال بھی موسم برسات شروع ہونے سے پہلے ہی آسمانی بجلی گرنے سے سب ڈویژن مہورکے گزشتہ دودنوں میں 100سے زائدبھیڑبکریاں،ایک کتا،دوگھوڑے اورایک گائے ہلاک ہوگئی ہیں۔ذرائع کے مطابق گلابگڑھ علاقہ کے ڈوگا بڑی ناڑ گڑواس علاقہ میں ایک پیڑ کے نیچے رات کو بھیڑ بکریاں جمع تھیں، اچانک پیڑ کے پر آسمانی بجلی گر ی جس کی وجہ سے 104 بھیڑ بکریاں ، ایک کتا ہلاک ہوگیا جوکہ 13 کنبوں کے مویشی تھے۔اس حادثے کے بعد پولیس اسٹیشن مہور کی ٹیم ایس ایچ او مہور انظر میر اور ایس ڈی پی او مہور ذاکر شاہین مرزا کی قیادت میں نقصان کا جائزہ لینے کیلئے موقعہ پر پہنچی اور نقصان کا جائزہ لیا۔دریں اثنا دیول ڈوگاہ کے ایک معززشہری چودھری مشتاق نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ گزشتہ روز دیول ڈوگا میں آسمانی بجلی گرنے سے دو گھوڑے اور ایک گائے ہلاک ہوئی ہیں۔متاثرہ کنبوں نے ضلع انتظامیہ سے مانگ کی ہے آسمانی بجلی گرنے سے ہلاک ہوئے مویشیوں کامعاوضہ فراہم کرنے کی ہے۔اس سلسلے میں جب کشمیر عظمیٰ نے تحصیلدار مہور نربھے شرما سے بات کی توانہوں نے کہاکہمحکمہ ایگریکلچر اور ہارٹی کلچر کو نقصانات کا جائزہ لینے کی ہدایت دی گئی ہے۔انہوں نے یقین دلایاکہ جائزہ لینے کے بعدمتاثرہ کنبوں کومعاوضہ فراہم کیاجائے گا۔