شوپیان+پلوامہ// آری ہل پلوامہ میں مشتبہ ملی ٹینٹوں نے ایک غیر مقامی مزدور کو گولیاں مار کر زخمی کردیا۔ اسکی حالت نازک قرار دی جارہی ہے۔ادھر شوپیان اور ترال میں سیکورٹی فورسز پر دو مقامات پر گرینیڈ پھینکے گئے جن کے نتیجے میں ایک فورسز اہلکار کو چوٹیں آئیں۔پولیس نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ رات کے قریب 9بجے آری ہل گائوں میں مشتبہ ملی ٹینٹوں نے بجنور اتر پردیش کے محمد اکرام ولد عبدالسلام، جو پیشے سے ترکھان ہے، کو گولیاں مار کر زخمی کردیا۔اسے شدید حالت میں ضلع اسپتال پلوامہ میں داخل کرایا گیا ہے جہاں اسکی حاکت مستحکم لیکن نازک قرار دی جارہی ہے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ انہوںنے گائوں میں صرف ایک گولی کی آواز سنائی دی۔اسکے بعد انہیں کوئی علمیت نہیں ہے۔ادھر شوپیان میں ملی ٹینٹوں نے سی آر پی ایف کیمپ پر گرینیڈ سے حملہ کیا جسمیں ایک اہلکار امت کمار زخمی ہوگیا۔یہ واقعہ بابا پورہ زینہ پورہ میں قائم 178 بٹالین سی آر پی ایف کیمپ میں پیش آیا۔ ملی ٹینٹوں نے شام ساڑھے7 بجے کیمپ پر گرینیڈ پھینکا جو کیمپ کے اندر زوردار دھماکہ سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں مذکورہ اہلکار زخمی ہوا۔ اس موقعہ پرسی آر پی ایف نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے چند فائر بھی کئے۔واقعہ کے بعد آس پاس علاقے کا محاصرہ کیا گیا اور تلاشیاں بھی لی گئیں۔اس دوران ترال کے نو دل علاقے میں بھی گرینیڈ دھماکہ ہوا۔ملی ٹینٹوں نے قریب ساڑھے 7بجے نع دل میں قائم 180بٹالین سی آر پی ایف کیمپ پر گرینیڈ پھینکا، جو کیمپ کے اندر زوردار دھماکے سے پھٹ گیا جسکی زد میں آکر دو اہلکار زخمی ہوئے۔پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کے نتیجے میں کانسٹیبل شہزاد احمد اور کانسٹیبل چندر شیکھر زخمی ہوئے جنہیں تاہم معمولی چوٹیں آئیں۔ دونوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا اور کیمپ کے اردگرد علاقے کو محاصرے میں لیکر تلاشیاں لی گئیں۔اس ضمن میں پولیس سٹیشن ترال میں کیس درج کرلیا گیا ہے۔