اجمیر// ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ انتخابات اس کے مستقبل کا فیصلہ کریں گے ۔ فاروق عبداللہ اجمیر میں صحافیوں سے بات کر رہے تھے ۔ وہ یہاں خواجہ غریب نواز کی درگاہ پرحاضری دینے آئے تھے ۔ سرکٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم اور وہاں کے عوام انتخابات کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔ وہاں کے انتخابی نتائج جموں و کشمیر کی صورتحال بتا دیں گے ۔انتخابات میں کسی اتحاد کے سوال کے جواب میں فاروق عبداللہ نے کہا کہ ہم بی جے پی کے ساتھ نہ تھے اور نہ ہی رہیں گے ۔ انتخابات کے دوران اجتماعی طور پر حکمت عملی طے کی جائے گی تاکہ ریاست میں امن برقرار رکھا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں کیا صورتحال ہے سب جانتے ہیں۔ وہ وہاں کے خراب حالات کی طرف اشارہ کر رہے تھے ۔ فاروق عبداللہ نے بتایا کہ وہ نئی دہلی میں حد بندی کمیشن کی میٹنگ میں شرکت کریں گے ۔ وہاں سے جو کچھ سامنے آئے گا اس کی بنیاد پر اگلا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ فاروق عبداللہ نے درگاہ میں اہل خانہ، دوستوں، کشمیر کے لوگوں کے ساتھ خوشحالی، امن، بھائی چارے اور کورونا وبا کے خاتمے کے لیے دعا کی۔ خادم فکری معینی نے انہیں زیارت کرائی اور دستار بندی کے بعد انہیں تبرک پیش کیا۔ عبداللہ کے دورے کے دوران سرکٹ ہاؤس سے درگاہ تک سیکورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے ۔
لوگ ’ چھینے گئے حقوق‘ کیلئے اُٹھ کھڑے ہوں: محبوبہ
حسین محتشم
پونچھ//پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) صدر محبوبہ مفتی نے اتوار کے روزکہاکہ دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد جموں و کشمیر میں حالات مزید خراب ہو گئے۔ انہوں نے لوگوں سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے "چھینے حقوق" کے لیے اٹھ کھڑے ہوں۔ پونچھ میں پارٹی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے محبوبہ نے آرٹیکل 370 کو منسوخ کرنے کے مرکز کے فیصلے کو "غلط، غیر آئینی اور غیر جمہوری" قرار دیا اور الزام لگایا کہ اس نے جموں و کشمیر کے لوگوں کے وقار اور عزت سے کھیلا ہے۔اس نے جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات کرانے کے مرکز کے ارادے پر بھی شکوک و شبہات کا اظہار کیا۔محبوبہ نے کہا کہ"موجودہ صورتحال کے پیش نظر، سب سے بڑی ذمہ داری نوجوانوں پر عائد ہوتی ہے،آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد حالات مزید خراب ہوئے ہیں اور وہ(مرکز)نہ صرف ہماری زمین اور نوکریاں چھین رہے ہیں بلکہ ہماری عزت اور وقار سے بھی کھلواڑ کیا گیاہے، وہ( مرکز) اس وقت تک نہیں رکیں گے جب تک وہ ہمارے وجود کو ختم نہیں کر دیتے‘‘۔انہوں نے مزید کہااگر لوگ جموں و کشمیر کو زندہ رکھنا چاہتے ہیں، تو ان کے سامنے واحد آپشن یہ ہے کہ وہ عزم اور اتحاد کے ساتھ اپنے "چھین لیے گئے" حقوق کے لیے کھڑے ہوں، "ورنہ وہ (مرکز)ہم سے سب کچھ لوٹ لیں گے"۔انہوں نے مزید کہا کہ "ہماری جدوجہد 5 اگست (2019) کو ختم نہیں ہوئی تھی، بلکہ یہ وہ دن تھا جب یہ حقیقت میں شروع ہوئی تھی۔ ہمیں بندوق اور پتھر اٹھائے بغیر پرامن طریقے سے اس جدوجہد کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے آپ کی حمایت کی ضرورت ہے"۔ .پی ڈی پی صدر نے کہا کہ جموں و کشمیر کے نوجوان مایوسی کی طرف دھکیل رہے ہیں تاکہ وہ منشیات لے کر یا مارنے کے لیے بندوق اٹھا کر اپنی زندگی برباد کر سکیں۔حد بندی کی مشق مکمل ہونے کے بعد جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات کرانے کے مرکز کے اعلان پر، محبوبہ نے کہا، "مجھے نہیں معلوم کہ انتخابات ہوں گے یا نہیں کیونکہ وہ اس وقت تک انتخابات نہیں کرائیں گے جب تک کہ انہیں اکثریت کا ووٹ تقسیم کا 100 فیصد یقین نہ ہو۔"وہ پہلے ہی ہندوں کو الگ کر چکے ہیں اور دلتوں کو مار رہے ہیں، اب وہ مسلم ووٹوں کو مختلف ناموں، پارٹیوں اور فرقوں کی بنیاد پر تقسیم کرنا چاہتے ہیں، وہ پہلے ہی کئی پارٹیاں بنا چکے ہیں اور ان کا مقصد صرف اسمبلی میں اکثریت حاصل کرنا ہے، وہ 5 اگست 2019 کے فیصلے کی توثیق پیش کر سکیں‘‘۔انہوں نے کہا، "وہ سپریم کورٹ میں 5 اگست کی پیش رفت کے خلاف ہمارے کیس کو کمزور کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا، "ہم نے امید نہیں ہاری ہے اور جموں و کشمیر میں امن اور ترقی کے لیے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے،" انہوں نے کہا، "ہم نے گاندھی کے ہندوستان سے الحاق کیا نہ کہ ان کے قاتل گوڈسے کے ہندوستان سے"۔انسداد تجاوزات مہم کا حوالہ دیتے ہوئے، محبوبہ نے کہا کہ لوگوں کو اس زمین سے "محروم" کیا جا رہا ہے جو ان کے پاس نسلوں سے ہے "اس بہانے سے کہ یہ ریاست کی زمین ہے"۔اس نے دعوی کیا کہ اس زمین کو وادی میں سیکورٹی فورسز اور جموں خطہ میں باہر کے لوگوں کے لیے عمارتوں کی تعمیر کے لیے استعمال کیا جارہا ہے۔
کشمیریوں کیلئے حقارت
دہلی کے مزاج میں پیوست: سجاد
نیوز ڈیسک
اننت ناگ //پیپلز کانفرنس صدر سجاد غنی لون نے نیشنل کانفرنس سے کہا کہ وہ حد بندی کی مشق میں شرکت پر اپنے یو ٹرن کی وضاحت کریں۔ شانگس میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے سجاد نے سوال کیا کہ اگر میٹنگ میں شرکت کرنا مئی میں دفعہ 370 کی منسوخی کی توثیق ہے تو پھر دسمبر میں اس کی توثیق کیسے نہیں؟۔سجاد نے کہا کہ آرٹیکل 370 کا مسئلہ زندہ ہے اور اس کا مطالبہ کبھی فوت نہیں ہو گا۔ آرٹیکل 370 کا باب، دہلی کی سوچ کے برعکس، بند نہیں ہوا ہے۔ ہم آرٹیکل 370 کی حیثیت کے بارے میں لوگوں سے سچ بولیں گے۔ 370 پر ہمارا موقف واضح ہے۔ جموں و کشمیر کے لوگوں سے جو بھی غیر آئینی طور پر چھینا گیا ہے اس کے لیے لڑیں گے۔سجاد نے مزید کہا کہ دہلی اگر کسی بات پر ثابت قدم رہا ہے تو یہ کشمیر کے لوگوں کے لیے حقارت اور مذمت میں مستقل مزاجی رہی ہے۔ہم نے پچھلی اتنی دہائیوں میں ان کے رویے میں کوئی کمی نہیں دیکھی۔دوری اس وقت شروع ہوئی جب آرٹیکل 370 میں نافذ ہوا اور 2019 میں اس کی منسوخی کے ساتھ ختم ہوا۔ 1989 کے بعد سے ایک بھی سال یا ایک مہینہ نہیں گزرا جب کشمیر کے لوگوں کو بے دردی سے قتل نہیں کیا گیا اور نہ جیلوں میں ڈالا گیا ہے۔ کشمیر کے لوگ کئی دہائیوں سے دہلی کی زیادتیوں کا شکار ہیں چاہے کوئی بھی پارٹی اقتدار میں ہو۔لوگوں کی آوازوں کو دبانے اور کشمیر میں پریشر ککر جیسی صورتحال پیدا کرنے پر انتظامیہ پر تنقید کرتے ہوئے سجاد نے کہا کہ حکمران ہماری آنے والی نسلوں کے لیے زہر پھیلا رہے ہیں۔یہ لوگ محض سیاح ہیں اور انہیں چند سالوں میں اپنی اپنی ریاستوں میں واپس جانا پڑے گا، وہ اپنی ایک متوازی کائنات میں رہ رہے ہیں۔ وہ وحشیانہ طاقت، دھمکیوں اور جبر کا استعمال کر کے دبا ئوکی صورتحال پیدا کر رہے ہیں۔ میں انتظامیہ کو بتاتا چلوں کہ اس طرح کے حربے نقصان دہ ہیں اور ان کی محدود شیلف لائف ہے۔