پلوامہ+بارہمولہ //پلوامہ کے سامبورہ علاقے میں25اور26مارچ کی درمیانی رات کو شارٹ سرکٹ کے نتیجے میں ایک دوکان نذر آتش ہوگئی۔ معلوم ہوا ہے کہ رات کی تاریکی میں سامبورہ میں موجود انیس بشیر نامی شہری کی ملبوسات اور ریڈی میڈ گارمنٹس کی دوکان’’ بیوٹی پوائنٹ‘‘ (Beauty Point)میں آگ نمودار ہوئی اور دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے پوری دوکان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ انیس بشیرنے کہا کہ دوکان میں6سے7لاکھ روپے کا سامان موجود تھا جو خاکستر ہوا۔ پولیس نے موقعہ پر پہنچ کر جائزہ لیکر رپورٹ درج کی۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ مذکورہ دوکاندار کو امداد فراہم کی جائے تاکہ وہ ایک مرتبہ پھر اپنے پیروں پر کھڑا ہوسکے۔ سرحدی قصبہ اوڑی کے ہلر پیرنیا بونیار علاقے میں آگکی ایک ہولناک واردات میں ایک رہائشی مکان خاکستر ہوگیا جس کے نتیجے میں لاکھوں روپے کا ساز وسامان راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہو گیا۔ منگل کو منظور احمد ملک کے رہائشی مکان سے اچانک آگ نمودار ہوئی جس نے آناً فاناً پورے مکان کو بھی اپنے لپیٹ میں لے لیا۔اگر چہ مقامی نوجوانوں کی کوششوں سے آگ کو مزید پھیلنے سے روکنے میں مدد ملی تاہم اس واردات میں ایک مکان اور اس کے اندر موجود لاکھوں روپے مالیت کا ساز وسامان راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگیا۔ عینی شاہدین کے مطابق فائیر سروسز عملہ بھی وقت پرجائے واردات پر پہنچا اور آگ کو مزید پھیلنے سے بچالیا۔