تازہ ترین

مہلک کورونا وائرس

خواتین کی نسبت مردوں کو زیادہ شکار بناتا ہے:ڈاک

27 مارچ 2020 (00 : 01 AM)   
(      )

 سرینگر //کورونا وائرس کی وجہ سے ایک شخص کی موت کے بعد ڈاکٹرس ایسوسی ایشن کشمیر نے کہا ہے کہ وائرس کی وجہ سے خواتین کے مقابلے میں مردوں کی اموات زیادہ ہورہی ہیں۔ ایسوسی ایشن کی طرف سے جمعرات کو جاری ایک بیان میں ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر نثارالحسن نے کہا ’’وائرس کی وجہ سے خواتین کے مقابلے میںمردوں کی زیادہ اموات ہورہی ہیں‘‘۔ انہوں نے کہا ’’ یہ ان ممالک کے اعداوشمار سے ظاہر ہوتا ہے جہاں اموات کافی زیادہ ہوئی ہیں۔ڈاکٹر نثارالحسن نے کہا ’’ ہائر ہیلتھ انسٹی چیوٹ آف روم کے مطابق اٹلی میں 25ہزار 258کیسوں میں سے 60فیصد تعداد مردوں کی ہے جبکہ مرنے والوں میں مردوں کی شرح 70فیصد ہے‘‘۔انہوں نے  کہا ’’کارلس ہیلتھ انسٹی چیوٹ کے مطابق ا سپین میں مرنے والے افراد میں خواتین کے مقابلے میں مردوں کی تعداد دگنی ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ چین میں مرنے والوں میں خواتین کی شرح صرف 1.8فیصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ موت اور بیماری میں جنسی تفریق حیاتی عمل کی وجہ سے ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین میں مدافعاتی نظام مردوں کے مقابلے میں زیاد طاقت ور ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سگریٹ نوشی کی وجہ سے خواتین کے مقابلے میںمردوں کے پھیپڑے کافی کمزور ہوتے ہیں اور اسی وجہ سے وہ کسی بھی انفکیشن کا شکار ہوجاتے ہیں۔  انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سب سے زیادہ معمر مردوں کو نقصان پہنچاتا ہے۔ انہوں نے کہا ’’کشمیر میں کورونا وائرس کی وجہ سے جو پہلی موت ہوئی ہے وہ بھی ایک 65سالہ شخص تھا جو شوگر اور بلڈ پریشر جیسی بیماریوں میں مبتلا تھا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں اب تک 8افراد کی تشخیصی رپورٹ مثبت آئی ہے جن میں 7مرد اور ایک خاتون شامل ہے۔