تازہ ترین

لاک ڈاؤن پر سختی کیساتھ عمل کرنے کی تلقین

لیفٹیننٹ گورنر کا عوام سے تعاون طلب

26 مارچ 2020 (00 : 01 AM)   
(      )

نیوز ڈیسک
جموں//لیفٹینٹ گورنر گریش چندر مرمو نے جموں کشمیر کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ 21 روز کے مکمل لاک ڈاؤن پر سختی کے ساتھ عمل کریں تا کہ کورونا وائیرس کے پھیلاؤ کی کڑی کو توڑا جا سکے ۔ اپنے پیغام میں مرمو نے کہا کہ وائیرس کے پھیلاؤ پر قابو پانے کیلئے جموں کشمیر کی انتظامیہ نے سخت اقدامات کئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں بین ریاستی بس سروس بند کی گئی ہے ، مختلف مقامات پر آئیسو لیشن وارڈ قائم کئے گئے ہیں اور باہر سے آنے والے مسافروں کی سکریننگ کیلئے مکمل انتظامات کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ’’ وزیر اعظم نے ملک بھر میں 21 روز کے لاک ڈاؤن کیلئے عوام سے تعاون طلب کیا ہے جموں کشمیر کے لوگوں کو چاہیے کہ وہ اس وبائی بیماری پر قابو پانے کیلئے لاک ڈاؤن کی پابندی کریں ‘‘۔  انہوں نے لوگوں سے کہا کہ وہ اپنے گھروں میں رہیں اور احتیاط برتیں ۔انہوںنے کہا کہ تمام اہل صارفین کو اپریل اور مئی مہینے کا پیشگی راشن فراہم کیا جائے گا جبکہ مستحق بچوں کے والدین کو ایک مہینے کا مڈ ڈے میل دیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ڈویژنل کمشنروں کو اشیائے ضروریہ کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے کہا گیا ہے ۔ انہوں نے باہر سے آئے مسافروں سے کہا کہ وہ اپنے فائدے اور دیگر لوگوں کی سلامتی کیلئے متعلقہ حکام کو اپنی سفری تفصیلات سے آگاہ کریں ۔ ایل جی نے لوگوں سے تلقین کی کہ وہ حکومت کی جانب سے جاری کی جانے والی ایڈوائیزری کی پابندی کریں ۔