تازہ ترین

صورہ ہسپتال میں آزمائشی مشق کا انعقاد | صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار رہنے کی ہدایت

23 مارچ 2020 (06 : 12 AM)   
(      )

پرویز احمد
 سرینگر //شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ میں اتوار کو چھٹی کے باوجود بھی کام کاج معمول کے مطابق جاری رہا جبکہ کورونا وائرس سے نپٹے کیلئے آزمائشی مشق کا بھی انعقاد کیا گیا جس دوران طبی اور نیم طبی عملہ کوکسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار رہنے کی ہدایت دی گئی۔اتوار کو صبح دس بجے سے لیکر 1بجے تک آزمائشی مشق کا بھی انعقاد کیا گیا جس دوران ڈائریکٹر سکمز ڈاکٹر اے جی آہنگر، میڈیکل سپرانٹنڈنٹ ڈاکٹر فاروق احمد جان، کورنا وائرس کے نوڈل آفیسر ڈاکٹر غلام حسن یتو کے علاوہ دیگر افسران ، طبی اور نیم طبی عملہ بڑی تعداد میں موجود تھا۔ سکمز میں منعقد کی گئی آزمائشی مشق کے بارے میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق احمد جان نے بتایا ’’ اتوار کو ہم نے عارضی طور پر مختلف شعبہ جات تیار کرکے طبی اور نیم طبی عملہ کو اوپی ڈی، قرنطینہ وارڈ، جنرل وارڈ، آئی سی یو، ایمرجنسی اور دیگر شعبہ جات میں کورونا وائرس کی موجودگی میں کام کرنے کے طرز عمل کو عملی طور پر کرکے دکھایا ‘‘۔ انہوں نے کہا ’’ اس موقعہ پر ہم نے کورونا وائرس سے نپٹنے کیلئے درکار ضروری آلات و سامان کے سٹاک کا بھی جائزہ لیاگیا‘‘۔ انہوں نے کہا ’’ طبی عملہ اور نیم طبی عملہ کو کورنا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے علاج و معالجہ کے دوران برتنے والی احتیاط اور علاج کے طریقے کار کی بھی جانکاری عملہ کو دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا ’’ چھٹی کے بائوجود بھی اتوار کو تمام شعبہ جات معمول کے مطابق کام کرتے رہے اور شعبہ ایمرجنسی کے علاوہ دیگر شعبہ جات میں بھی ایمرجنسی مریضوں کا علاج و معالجہ کیا گیا ہے۔