تازہ ترین

۔18 ڈرائیوروں کیخلاف مقدمات درج

22 مارچ 2020 (00 : 12 AM)   
(      )

جاوید اقبال +بختیار حسین
پونچھ +راجوری //کرو ناوائرس کے پیش نظر پیر پنچال میں انتظامیہ کی جانب سے عائد کی گئی پابندیوں کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کیخلاف شکنجہ کسا جارہا ہے جس کے چلتے متعدد تجارتی مراکز بند اور ڈرائیوروں کیخلاف مقدمات درج کئے گئے ہیں ۔پولیس انتظامیہ کے مطابق سرحدی ضلع پونچھ کے مینڈھر سب ڈویژن میں پابندیوں کی خلاف ورزی کرنے پر 10دکانداروں کیخلاف کارروائی عمل میں لائی گئی جس کے دوران تمام دکانداروں کو جرمانہ عائد کیا گیا اور ان کو ہدایت جاری کی گئی کہ دوبارہ سے قانون کی خلاف ورزی کرنے پر سخت کارروائی عمل میں لائی جاسکتی ہے۔پولیس کے مطابق اس ڈی پی ا و مینڈھر اورایس ایچ او مینڈھر کی قیادت میں پولیس ٹیموں نے مینڈھر کے مختلف علا قوں میں ناکوں کے دوران 10مسافرگاڑیوں کو جاری ہدایت نامے کی خلاف ورزی کرنے پر گاڑیوں کو ضبط و ڈرائیوروں کو گرفتار کرنے کیساتھ کیس درج کر لئے ہیں ۔اسی طرح ضلع کی تحصیل سرنکوٹ میں پولیس نے ضلع انتظامیہ کے حکم نامے کی خلاف ورزی کرنے پر 5گاڑیوں کو ضبط کر تے ہوئے ڈرائیوروں کیخلاف مقدمات درج کرلئے ہیں ۔سب ڈویژن مجسٹریٹ سرنکوٹ سلیم احمد نے عائد دفعہ 144کی خلاف ورزی کرنے پر ایک سرکاری ٹیچر کو معطل کرنے کا حکم جاری کیا ہے ۔راجوری ضلع میں کنڈی پولیس اسٹیشن کی ایک ٹیم نے ضلع ترقیاتی کمشنر کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے کی خلاف ورزی کرنے پر 3گاڑیاں ضبط کرتے ہوئے ڈرائیوروں کیخلاف کیس درج کئے ہیں ۔اسی طرح ضلع کے تھنہ منڈی علا قہ میں بھی ایک گاڑی کو ضبط کرکے قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی ہے ۔