تازہ ترین

پاکستانی زیرانتظام کشمیرمیں ٹرانسپورٹ سروس بند

میر پور میں سکریننگ سخت کرنے کافیصلہ

22 مارچ 2020 (00 : 01 AM)   
(      )

سرینگر// پاکستانی زیر انتظام کشمیر حکومت نے کورونا وائرس کے سبب عائد کی گئی ہیلتھ ایمرجنسی کے تحت جمعہ کی رات صوبے بھر میں ٹرانسپورٹ سروس بند کردی ۔یو پی آئی کے مطابق محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پاکستانی زیر انتظام کشمیر میں تین دن کے لیے کسی بھی پبلک ٹرانسپورٹ کو داخل یا باہر جانے کی اجازت نہیں ہو گی۔حکومت نے اعلان کیا ہے کہ احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کو قرار واقعی سزا دی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر مظفر آباد بدر منیر نے کہا کہ پابندی کا اطلاق مقامی پبلک ٹرانسپورٹ پر بھی ہو گا۔ادھر وزیر صحت ڈاکٹر نجیب نقی کیانی نے کہا کہ چار مشتبہ مریضوں کے نمونے جمعرات کو نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ بھجوا دیئے گئے۔مجموعی طور پر پاکستانی زیر انتظام کشمیر میں 40 نمونے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ بھیجے گئے تھے جس میں سے 23 کی رپورٹیں موصول ہو چکی ہیں جن میں سے ایک شخص میں وائرس کی موجودگی کی تشخیص ہوئی۔ڈاکٹر نجیب کیانی نے کہا کہ بقیہ 17 افراد کی رپورٹیں کل تک موصول ہو جائیں گی۔دوسری جانب پاکستانی زیر انتظام کشمیر کے صدرراجہ فاروق حیدر کی صدارت میںمنعقدہ ریاستی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں میرپور میں اسکریننگ سخت کرنے کافیصلہ کیا گیا جہاں حال ہی میں 3 ہزار سے زائد لوگ بیرون ملک سے واپس لوٹے ہیں۔ پاکستانی زیر انتظام کشمیرکے وزیراعظم نے سزائے موت پانے والے قیدیوں کے علاوہ بقیہ تمام قیدیوں کی سزا میں بھی دو ماہ کی کمی کردی ہے۔یاد رہے کہ دنیا کی طرح پاکستان بھر میں کورونا وائرس انتہائی تیزی سے پھیل رہا ہے اور ملک میں اب تک وائرس کی زد میں آ کر 3 افراد ہلاک اور 495 متاثر ہو چکے ہیں۔