تازہ ترین

نوجوان نے کنبہ کے 5 اراکین کو قتل کرنے کے بعد خود کو بھی گولی ماری

4 اگست 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

موگا//پنجاب کے ضلع موگا کے بادھاپرانہ سب ڈویزن کے نتھوالا گاوں میں 2-3اگست کی نصف رات کو ایک نوجوان نے کنبہ کے پانچ اراکین کو گولی مارکر قتل کرنے کے بعد خودکو بھی گولی مارکر جان دے دی۔ اس واقعہ میں نوجوان کے دادا گربچن سنگھ بری طرح زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ۔پولیس نے بتایا کہ نوجوان کی شناخت سندیپ سنگھ عرف سنی (28) کے طورپر ہوئی ہے ۔ اس نے گھر کی ریوالور سے پہلے والد منجیت سنگھ (55)، ماں بندر کور (50)، بہن امتجور کور (33)، دادی گردیپ کور (70) اور تقریباََ ڈھائی سال کی بھتیجی منیت کور کو گولی مارکر قتل کردیا۔ فائرنگ کے اس واقعہ میں دادا گربچن سنگھ بری طرح زخمی ہوگئے جنہیں گرو گوبند سنگھ میڈیکل کالج اینڈ اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ۔ سندیپ نے اس واردات کو انجام دینے کے بعد خود کو بھی گولی مارکر جان دے دی۔بتایا جاتا ہے کہ کنبہ نے سندیپ کی اس بر س دسمبر میں شادی طے کی تھی لیکن وہ جنسی طاقت (قوت باہ) کی کمی ہونے کا برم ہونے کے سبب شادی نہیں کرنا چاہتا تھا اور اس نے یہ بات کنبہ کو نہیں بتائی تھی۔ اسی وجہ سے اس کا کنبہ کے اراکین کے ساتھ تنازعہ ہوا۔ کنبہ اپنی تقریباََ 25ایکڑزمین کے جانشین کے تعلق سے فکرمند تھا۔ غالباََ اسی وجہ سے اس نے یہ انتہائی قدم اٹھایا۔ بتایا جاتا ہے کہ سندیپ نے اپنے خودکشی نامہ میں یہ تمام باتیں لکھی ہیں۔ بادھاپرانہ پولیس معاملہ کی جانچ کررہی ہے ۔یو این آئی