تازہ ترین

بھاجپا کور گروپ میٹنگ

الیکشن کیلئے تیار رہنے کی ہدایات، 35اے پر کوئی بات نہیں ہوئی

31 جولائی 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

شبیر ابن یوسف
 سرینگر // بھارتیہ جنتا پارٹی کے صدر جگت پرکاش نڈا نے ریاستی پارٹی عہدیداران سے کہا ہے کہ وہ ریاستی اسمبلی انتخابات کیلئے تیاری شروع کریں، جن کا اعلان 15اگست کے بعد کیا جائیگا۔پارٹی جنرل سیکریٹری(آرگنائزیشن) اشوک کول، جو کور گروپ میٹنگ میں شامل تھے، جس کی صدارت جے پی نڈا نے کی، نے نئی دہلی سے فون پر بتایا کہ ریاستی یونٹ کو صاف الفاظ میں بتایا گیا کہ وہ الیکشن کی تیاری کرے۔انہوں نے کہا’’ ہمیں کہا گیا کہ چنائو کیلئے تیار رہو،صدر نے کہا کہ 15اگست کے بعد الیکشن کمیشن کسی بھی وقت شیڈول کا اعلان کرسکتا ہے، جسکا وعدہ کیا گیا ہے۔سینئربھاجپالیڈرنے کہا کہ میٹنگ میں اسمبلی حلقوں کی حدبندی یادفعہ35Aپر کوئی بحث ومباحثہ نہیں ہواتاہم کشمیر کی گزشتہ کئی روزکی خوف ودہشت کی صورتحال پر غور کیاگیا ۔انہوںنے کہا کہ میٹنگ میں پایا گیا کہ کشمیر میں خوف کی فضا پیداکرنے کے پیچھے نیشنل کانفرنس اور پیپلزڈیموکریٹک پارٹی کاہاتھ ہے۔نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی کے لیڈر عوام میں بے نقاب ہوگئے ہیں ۔کول نے کہا کہ ہم نے میٹنگ میں بتایا کہ کشمیر کے لوگوں نے راحت کی سانس لی ہے اور وادی ترقی کی راہ پر گامزن ہے ۔ہم نے صدر کو کشمیر میں ترقیاتی سرگرمیوں کی جانکاری دی ۔ہم نے اُن سے استدعاکی کہ کشمیر میں مزید ترقیاتی کام ہونے چاہیے اور روزگار کے مزید مواقع جوانوں کے لئے مہیا کئے جانے چاہیے ۔ کول نے کہا کہ میٹنگ میں  وادی کشمیرمیںپارٹی کی ممبر شپ مہم پر سیر حاصل بحث کی گئی۔انہوں نے کہا کہ ہم نے پارٹی صدر کو بتایا کہ جولائی7سے شروع ہوئی ممبر شپ مہم کے دوران ہم نے وادی میں 90000نئے ممبران کا پارٹی میں اندراج کیا۔