مینڈھر ۔منکوٹ سڑک پر بارشوں میں گاڑیوں کا چلنا محال

کھڈوں میں جمع پانی سیلابی صورتحال کی یاد دلاتا ہے

12 جولائی 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

جاوید اقبال
 مینڈھر //مینڈھر تا منکوٹ سڑک کی خستہ حالی کی وجہ سے مسافروں کو کئی طرح کے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔برساتی موسم کے آتے ہی سڑک پر پڑے ہوئے کھڈوں میں جمع پانی کی وجہ سے گاڑیوں کے چلنے میں بھی مشکلات پیش آرہی ہیں ۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ سڑک کی بہتری کی طرف کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ سڑک کی خستہ حالت کو لے کر متعدد بار متعلقہ محکمہ اور ضلع انتظامیہ سے بھی رجوع کیا گیا ہے لیکن اس طرف کوئی بھی توجہ نہیں دی گئی جس کی وجہ سے معمولی سی بارش کی وجہ سے سڑک پر چلنا انتہائی مشکل ہوجا تا ہے ۔یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ گذشتہ دنوں لوگوں نے بڑے بڑے کھڈوں میں دھان کی فصل لگاکر انوکھا احتجاج بھی کیا تھالیکن کئی دن گزرجانے کے بعد بھی محکمہ گریف کو ٹس سے مس بھی نہیں ہوئی اور لگاتار سڑک پر بارشوں کے دنوں میں پانی جمع ہوتا جارہاہے جبکہ سڑک کے کنارے نالیں نہ ہونے کی وجہ سے پانی سڑک کے بیچ بڑے بڑے کھڈوں میں کئی گھنٹوں تک جمع رہتاہے جس سے عام لوگوں کو کئی قسم کی دشواریوں کا سامناکرنا پڑتاہے۔علاقہ کی خاتون سرپنچ و محمد شفیع چوہدری نے متعلقہ محکمہ اور انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ کئی بار شکایت کرنے کے باوجود بھی سڑک کی حالت کو متعلقہ محکمہ نے ٹھیک نہیں کیا اور دن بدن سڑک کی حالت خستہ ہوتی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ سڑک مینڈھر سے پونچھ اور منکوٹ تحصیل کو آپس میں جوڑنے والی واحد ایک بڑی سڑک ہے لیکن انتظامیہ کی عدم توجہی کی وجہ سے سڑک کی حالت خراب ہوتی جارہی ہے ۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ سڑک کی مرمت کرنے کیساتھ ساتھ نالیوں کی تعمیر عمل میں لائی جائے تاکہ مسافروں کو مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔

تازہ ترین