امت شاہ کی دو روزہ سرینگر آمد

سیکورٹی جائزہ میٹنگ میں اہم مشاورت

27 جون 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

بلال فرقانی

بغیر تشدد یاترا کی انجام دہی اورمعیاری عملیاتی طریقہ کار اپنانے کی ہدایات

شر پسندوں کیخلاف بھر پور کارروائی کرنے کی تلقین،رشوت خوری کی سرعت کیساتھ تحقیقات کرنیکی تاکید

 
سرینگر//مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے جموں کشمیر میں تعینات مختلف سیکورٹی ایجنسیوں کو’’شرپسندوں‘‘ کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لانے اور بغیر تشدد امرناتھ یاترا یقینی بنانے کیلئے احتیاتی اقدامات اٹھانے کی تاکید کی ہے۔ وزیر داخلہ نے بدھ کو وادی کے2روزہ دورے پر پہنچتے ہی سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا،جس کے دوران انہیں یاترا اور ریاست کی مجموعی صورتحال سے آگاہ کیا گیا۔ امت شاہ نے فورسز اور دیگر سیکورٹی ایجنسیوں پر زور دیا کہ امرناتھ یاترا میں ممکنہ رخنہ ڈالنے والی تمام کوششوں کو ناکام بنانے کیلئے وہ متحرک رہیں۔ جھیل ڈل کے کنارے ایس کے آئی سی سی میں منعقدہ ہونے والی سیکورٹی جائزہ میٹنگ کے دوران وزیر داخلہ نے سیکورٹی ایجنسیوں کے سربراہوں کی توجہ کئی حساس نکات کی طرف متوجہ کی۔ خصوصی سیکریٹری(اندونی معاملات) برائے وزارت داخلہ اے پی مہیشوری نے سرینگر میں نامہ نگاروں کوتفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ وزیر داخلہ نے سیکورٹی ایجنسیوںکے سربراہوں کو  بغیر تشدد  یاترا کو انجام تک پہنچنے کی ہدایات دی۔انہوں نے کہا’’سیکورٹی جائزہ میٹنگ میں وزیر داخلہ نے یاترا کے حوالے سے معیاری عملیاتی طریقہ کار پر چلنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ان میں کسی بھی قسم کی سستی کا مظاہرہ نہیں کیا جانا چاہیے، سنیئر افسران کو نگرانی کرنے کیلئے کہا گیا‘‘۔مہیشوری نے کہا’’ وزیر داخلہ نے سیکورٹی جائزہ میٹنگ کے دوران نہ صرف یاتریوں کی سلامتی،بلکہ انکے نقل و حرکت میں سہولیات فراہم کرنے کیلئے جدیدساز و سامان کو برائے کار لانے پر زور دیا‘‘۔وزیر داخلہ نے وادی میں تعینات مختلف سیکورٹی ایجنسیوں کے سربراہوں کو ہدایت دی کہ وہ یاتراکو خلل پہنچنے کی کوششوں کو ناکام بنائے۔مہیشوری کے مطابق انہوں نے کہا کہ یاترا کو خلل پہنچانے کیلئے ممکنہ دراندازی کے تمام راستوں پر کڑی نظر رکھی جائے،جبکہ سیکورٹی ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ’’شرپسندوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔‘‘ انہوں نے کہا’’ یاتریوں کی کانوائے کی نقل و حرکت کے دوران اس جانب جانے والے تمام پوائنٹوں پر رکاوٹیںکھڑے کرنے چاہیں،اور ان راستوں پر چوبیسوں گھنٹے نگرانی کی جائے۔ میٹنگ میں  مرکزی داخلہ سیکریٹری راجیو گابا، ریاستی گورنر ان کے مشیر، پرنسپل سیکریٹری ہوم اور ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کے علاوہ ریاست میں تعینات پولیس ،فوج ،سی آر پی ایف ،بی ایس ایف اور خفیہ ایجنسیوں کے سینئر افسران بھی شامل تھے،جبکہ فوج کی15ویں کور کے جنرل آفیسر کمانڈنگ اور14کور کے سربراہ، انٹیلی جنس بیورو کے جوائنٹ ڈائریکٹر سرینگر، کمشنر، جموں اور کشمیرکے ڈویثرنل کمشنر، آئی جی پی سی آئی ڈی، آئی جی کشمیر، آئی جی سی آر پی ایف جموں، آئی جی سی آر پی(آپریشنز )کشمیراور آئی جی بی ایس ایف جموں و کشمیر قابل ذکر ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ میٹنگ میں وادی کی مجموعی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا،جس کے دوران سیکورٹی افسران نے مرکزی وزیر داخلہ کو پائور پوائنٹ پرزنٹیشن کے ذریعے صورتحال سے آگاہ کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکورٹی جائزہ میٹنگ کے دورانمقامی نوجوانوں کی عسکری صفوں میں شمولیت کے پیچھے محرکات، ہتھیار چھینے جیسے واقعات ،ممکنہ دراندازی اور دیگر معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اس دوران مرکزی وزیر داخلہ نے ترقیاتی اسکیموں کا بھی جائزہ لیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر داخلہ نے ترقیاتی کاموں میں سرعت لانے،نوجوانوں کیلئے روزگار ضمانت اسکیموں،اور غریبوںکیلئے بہتر انتظامیہ فراہم کرنے پر زور دیا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق میٹنگ کے دوران مرکزی وزیر داخلہ نے کہا’’ انٹی کورپشن بیورر کو مستحکم کیا جائے اور بڑے و طاقتور افراد کے کورپشن کیسوں کو ترجیج دیکر سرعت کے ساتھ انکی تحقیقات کی جائے‘‘۔ انہوں نے افسران سے تاکید کی وہ تینوں خطوں میں یکساں ترقی کی منصوبہ سازی کریں۔امت شاہ نے جائزہ میٹنگ کے دوران تمام طبقوں کو ساتھ لیکر چلنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی طبقے کو نظر انداز نہ کیا جائے۔وزیر داخلہ نے مقامی نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقعوں کیلئے جامع سطح پر کام کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ معروف تعلیمی و صحت اداروں کو ریاست میں اپنے ادارے قائم کرنے پر قائل کیا جائے۔ وزیر داخلہ نے معیاد بند وقت میں تمام اسامیوں کو پُر کرنے کی بھی تاکید کی۔اس سے قبل مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ بدھوار کو تکنیکی ائرپورٹ پر پہنچ گئے جہاں پر ان کا استقبال گورنر ستیہ پال ملک اور ان کے مشیروں، چیف سیکرٹری بی وی ار سبھرامنیم، ڈپٹی کمشنر بڈگام ڈاکٹر سحرش اصغر اور دیگرپولیس و سیول انتظامیہ کے اعلیٰ افسران نے کیا۔
 

تازہ ترین