تازہ ترین

انگوٹھے میں چوٹ کی وجہ سے شکھر ورلڈ کپ سے باہر

12 جون 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

نیو ڈسک
لندن// ہندوستان کی گزشتہ چمپئن آسٹریلیا کے خلاف شاندار جیت میں سنچری بنانے والے بائیں ہاتھ کے اوپنر شکھر دھون بائیں ہاتھ کے انگوٹھے میں چوٹ کی وجہ سے آئی سی سی ورلڈ کپ سے باہر ہو گئے ہیں جس سے ہندستان کو گہرا جھٹکا لگا ہے ۔ شکھر اس چوٹ کی وجہ سے کم از کم تین ہفتوں تک کرکٹ سے دور رہیں گے ۔ شکھر کو آسٹریلیا کے خلاف اتوار کو کھیلے گئے میچ کے دوران چوٹ لگی تھی۔ شکھر کو تیز بولر پیٹ کمنز کے باؤنسر پر گیند انگوٹھے پر لگی تھی۔ شکھر درد کے باوجود کریز پر ڈٹے رہے تھے اور انہوں نے 109 گیندوں پر 16 چوکوں کی مدد سے 117 رنز کی میچ فاتح اننگز کھیلی تھی اور انہیں پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ ملا تھا۔ ہندستانی اوپنر انگوٹھے پر چوٹ لگنے کے بعد بیٹ پر اپنے نچلے ہاتھ کو ہٹاتے ہوئے بلے بازی کر رہے تھے ۔ لیکن جیسے جیسے ان کی اننگز آگے بڑھتی رہی وہ بغیر کسی پریشانی کے اپنے شاٹ کھیلتے رہے ۔ لیکن شکھر نے آسٹریلیا کی اننگز میں فیلڈنگ نہیں کی تھی اور ان کی جگہ رویندر جڈیجہ نے پورے 50 اوور فیلڈنگ کی تھی۔ شکھر کا اسکین کرایا گیا، جس میں ان کے انگوٹھے میں فریکچر نکلا۔ اس کے بعد وہ کم از کم تین ہفتے تک میدان سے باہر رہیں گے ۔ ہندستان کو اب اس مہینے نیوزی لینڈ، پاکستان، افغانستان، ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے خلاف میچ کھیلنے ہیں۔ شکھر کے باہر ہو جانے کے بعد لوکیش راہل اوپننگ کی ذمہ داری سنبھال سکتے ہیں اور شکھر کی جگہ رشبھ پنت یا امباٹي رائیڈو میں سے کسی ایک کو موقع مل سکتا ہے ۔ راہل کے اوپننگ پر آنے پر دنیش کارتک یا وجے شنکر کو چوتھے نمبر پر موقع دیا جا سکتا ہے ۔ ہندستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے ابھی تک یہ اعلان نہیں کیا کہ کون کھلاڑی شکھر کی جگہ ٹیم میں شامل ہو گا۔ ہندستانی سلیکٹرز نے 15 رکنی ٹیم کے باہر اختیاری کھلاڑیوں میں امباٹي رائیڈو، رشبھ پنت، پٹیل، ایشانت شرما اور نودیپ سینی کو رکھا ہے ۔ لیکن ان میں سے کوئی اوپنر نہیں ہے ، ایسی صورت میں راہل اوپننگ میں روہت شرما کے پارٹنر بن سکتے ہیں۔