تازہ ترین

بھاجپا کے ریاستی سربراہان کی میٹنگ

رویندر رینہ اور اشوک کول جموں وکشمیر سے نمائندگی کرینگے

12 جون 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

شبیر ابن یوسف
سرینگر// مرکزی وزیرداخلہ اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے صدر امیت شاہ رواں ہفتے تمام ریاستوں کے پارٹی صدور و جنری سیکریٹریز کے ساتھ دو ورزہ میٹنگ منعقد کرنے والے ہیں جس میں ریاست جموں وکشمیر کی طرف سے رویندر رینہ اور اشوک کول نمائندگی کریں گے ۔یہ میٹنگ 13اور14جون کو نئی دلی میں منعقد ہوگی۔ذرائع نے بتایا کہ بھاجپا کے ریاستی صدر رویندر رینہ اور جنرل سیکریٹری اشوک کول کو دعوت نامہ موصول ہوا ہے اور انہیں ریاست کی طرف سے نمائندگی کرنے کیلئے کہا گیا ہے ۔اشوک کول نے اس سلسلے میں کشمیرعظمی کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہاکہ ہمیں دعوت نامہ موصول ہوا ہے اور ہم اس میٹنگ میں شرکت کرنے والے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ میٹنگ کے دوران حالیہ پارلیمانی انتخابات کے دوران ریاست میں بھاجپا کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گاجموں اور لداخ سے بھاجپا نے ووٹ شیئر میں اضافہ درج کیا ہیجبکہ ترال کے اسمبلی حلقے میں اسے نمایاں برتری بھی حاصل ہوئی ۔میٹنگ کے دوران جموں وکشمیر کی سیاسی صورتحال کا بھی جائزہ لیا جائے گا ۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ یہ میٹنگ اس صورت میں اہم بن گئی ہے کیونکہ الیکشن کمیشن آف انڈیا نے اعلان کیا ہے کہ امرناتھ یاترا کے انعقاد کے بعد اگست میں ریاست میں اسمبلی انتخابات کے حوالے سے باضابطہ اعلان سامنے آئے گا۔اشوک کول نے ککہاکہ بھاجپا کشمیر میں 18جون سے انتخابی سرگرمیاں شروع کرے گی ۔انہوں نے کہاکہ ہماری سرگرمیاں جاری ہیں اور آنے والے دنوں میں کشمیر بھر میں مزید پروگرام منعقد کئے جائیں گے ۔انہوں نے کہاکہ ہماری پارٹی نے کشمیر وادی میں قدم جمائے ہیں اور لوگوں کی طرف سے انہیں بہتر رد عمل سامنے آرہا ہے۔