تازہ ترین

درخواست کا مثبت جواب

وزیراعظم مودی پاکستانی فضائی راستے سے کرغزستان پہنچیں گے

12 جون 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

نیوز ڈیسک
سرینگر//  پاکستان نے  وزیراعظم ہندنریندر مودی کے طیارے کو کرغزستان جانے کے لیے ملک کی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کرلیاہے ۔ وزیراعظم نریندر مودی 13 اور 14 جون کو کرغزستان میں ہونے والی شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے بشکیک جائیں گے۔واضح رہے کہ 26فروری کو بھارت کی طرف سے فضائی حملے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان حالات کشیدہ ہوگئے تھے جبکہ پاکستان نے اپنی فضائی حدود مکمل طور پر بند کردی تھی۔بھارت نے پاکستان سے درخواست کی تھی کہ وہ اپنی فضائی حدود کھول دیں اور وزیراعظم نریندر مودی کا طیارے اپنی فضائی حدود سے گزر کر کرغزستان جانے کی اجازت دیں۔ پاکستانی حکومت نے بھارتی حکومت کو وزیراعظم نریندر مودی کا طیارہ اپنی فضائی حدود سے گزرنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ ضابطے کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد بھارتی حکومت کو اس فیصلے کے بارے میں آگاہ کر دیا جائے گا۔حکام کا یہ بھی کہنا تھا کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کو اپنے ایئر ٹریفک کنٹرول کو آگاہ کرنے کی ہدایت جاری کر دی جائیں گی۔انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد دونوں ممالک کے درمیان بات چیت کا خواہاں ہے جسے اس کی پیشکش میں بھارت کی جانب سے بھی مثبت جواب کی امید ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی وزیراعظم عمران خان نے اپنے بھارتی ہم منصب کو خط لکھا تھا جس میں انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان کشمیر سمیت تمام مسائل کو حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔حکام کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایس سی او سربراہی کانفرنس میں دونوں ممالک کے وزرائے اعظم کے درمیان ملاقات ممکن نہیں تاہم پاکستان، بھارت سے اپنی بات چیت کی پیشکش کے مثبت جواب کا خواہش مند ہے۔