تازہ ترین

۔8 دن بعد لاپتہ اے این -32 طیارہ کے ملبے کا سراغ ملا

12 جون 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

 نئی دہلی//آسام کے جورہاٹ سے پرواز کے بعد لاپتہ ہونے والے فضائیہ کے اے این -32 طیارے کا ملبہ آٹھ دن بعد منگل کو اروناچل پردیش میں مغربی ضلع سیانگ کے لپو گاؤں سے 16 کلومیٹر دور ملا ہے ۔  فضائیہ نے آج ایک ٹویٹ کر کے اس کی اطلاع دی۔ اس نے بتایا کہ تلاشی مہم میں لگے ایم آئی -17 ہیلی کاپٹر نے لاپتہ ہونے والے اے این -32 طیارے کا ملبہ تلاش کیا ہے ۔ لپو گاؤں سے 16 کلومیٹر دور ٹاٹو تحصیل کے شمال مشرق میں سطح سمندر سے 12 ہزار فٹ کی اونچائی پر طیارے کا ملبہ دیکھا گیا ہے ۔   جورہاٹ سے تین جون کو دوپہر بعد 12.25 بجے پرواز کرنے والا اے این -32 طیارہ اروناچل پردیش کے مغربی ضلع سیانگ میں واقع میچکا ایڈوانس لینڈنگ گراؤنڈ جا رہا تھا۔ راستے میں دوپہرایک بجے کے قریب متعلقہ ایجنسیوں سے طیارے کا رابطہ ٹوٹ گیا۔ طیارے میں عملہ کے آٹھ رکن اور پانچ دیگر فوجی سوار تھے ۔  فضائیہ نے بتایاکہ "اب طیارے میں سوار لوگوں کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے "۔ یو این آئی