تازہ ترین

کیلاش مانسروور کے لئے پہلا جتھا روانہ

12 جون 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

یواین آئی
نئی دہلی//کیلاش مانسروورکی اس سال کی یاترا منگل سے شروع ہوگئی ہے ۔وزیر خارجہ ڈاکٹر سبرمنیم جے شنکر نے یہاں جواہر لال نہرو بھون میں اتراکھنڈ کے لپولیکھ درے سے ہوکر جانے والے مسافروں کے پہلے جتھے کو مبارکباد کے ساتھ وداعی دی۔وزیر خارجہ نے اس موقع پر تیرتھ یاتریوں سے خطاب کرتے ہوئے دعا کی کہ ان کی یاترا مکمل طورپر محفوظ اور منفرد روحانی تجربوں سے بھرپور ہو۔انہوں نے مسافروں کو صلاح دی کہ وہ جتھے کے ساتھ جانے والے رابطہ افسروں کے سکیورٹی سے متعلق مشوروں پر پوری طرح عمل کریں۔انہوں نے کہا کہ یاترا کا راستہ جتنا مشکل ہے ،اتنا ہی آسان بھی ہے ۔مسافروں کو یقینی طورپر یاترا میں ان کی امید سے کہیں زیادہ تفریحی اور روحانی تجربوں سے بھرپور ہوگی۔ڈاکٹر جے شنکر نے یاترا کے بہتر انتظامات کے لئے اتراکھنڈ،دہلی اور سکم کی ریاستوں کا شکریہ ادا کیا اورچین جمہوریہ کی حکومت کے انتظامات کی بھی ستائش کی اور شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ اس سال کیلاش مانسروور یاترا کے ئے 3000سے زیادہ درخواستیں آئی ہیں جن میں سے 1580افراد کو جانے کا موقع ملے گا۔انہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ لوگوں میں اس تیرتھ استھل کے لئے دلچسپی مسلسل بڑھ رہی ہے ۔انڈین فارن سروس کے افسر اور ملک کے خارجہ سکریٹری رہ چکے ڈاکٹر جے شنکر نے اپنے خطاب کی شروعات ہندی میں کی۔خطاب کے بعد ناشتے کے دوران انہوں نے مسافروں کے درمیان رہ کر غیر رسمی طورپر کھل کر بات چیت بھی کی جس سے تیرتھ یاتری کافی خوش نظر آئے ۔لیپولیکھ درے سے ہوکر60 مسافروں کے 18جتھے جائیں گے جبکہ سکم میں ناتھولا درے سے ہوکر 50مسافروں کے 10جتھے جائیں گے ۔منگل کو روانہ ہوئے جتھے میں 57مسافر اور دو رابطہ عامہ کے افسر گئے ہیں۔